امریکہ کی سابق خاتونِ اول نینسی ریگن 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔ وہ امریکہ کے 40 ویں صدر آنجہانی رونالڈ ریگن کی اہلیہ تھیں۔
نینسی کے انتقال کی خبر سب سے پہلے معروف انٹرٹینمٹ ویب سائٹ 'ٹی ایم زی' نے جاری کی جس کے مطابق سابق خاتونِ اول کا انتقال اتوار کو کیلی فورنیا کے علاقے بیل ایئر میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
نینسی ریگن 1940ء کی دہائی میں ہالی وڈ میں بننے والی کم بجٹ کی فلموں کی اداکارہ تھیں اور اپنے فنی کیریئر کے دوران ہی ان کی رونالڈ ریگن سے ملاقات ہوئی تھی جو اس وقت خود بھی اداکاری کیا کرتے تھے۔
بعد ازاں 1952ء میں دونوں نے شادی کرلی تھی۔ دونوں میاں بیوی کا ساتھ 2004ء میں صدر ریگن کے انتقال تک برقرار رہا۔
مسز ریگن کا اصل نام این فرانسس رابنز تھا لیکن وہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں نینسی ڈیوس کے نام سے معروف تھیں۔
ان کے شوہر رونالڈ ریگن اداکاری ترک کرنے کےبعد سیاست میں آئے اور 1967ء سے 1975ء تک کیلی فورنیا کے گورنر رہے۔
رونالڈ ریگن نے 1976ء کے صدارتی انتخاب میں پارٹی کی نامزدگی کے حصول کی کوشش کی تھی لیکن وہ اس میں ناکام رہے تھے۔ بعد ازاں وہ 1980ء کے صدارتی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہو کر امریکہ کے چالیسویں صدر بنے اور 1989ء تک صدر رہے۔
نینسی ریگن کی تدفین کیلی فور نیا کے علاقے سیمی ویلی میں واقع 'رونالڈ ریگن پریزیڈینشل لائبریری' کے احاطے میں دفن ان کے شوہر کے پہلو میں کی جائے گی۔