عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں پہلےمرحلےکےآخری روزجمعےکو کھیلےگئے میچوں میں اسپین نےچلی کوایک کےمقابلے میں دو گول سے ہرا دیا جب کہ پرتگال اور برازیل کے مابین میچ برابر رہا۔
پریٹوریا میں کھیلے گئے میچ میں اسپین کےسٹرائیکر ڈیوڈ وِلا اور آندرے انیسٹا نےایک ایک گول کرکے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔
گروپ ایچ کے اِس میچ میں فتح کے بعد یورپین چمپین اسپین نےپوائنٹ ٹیبل پراپنےپول میں ٹاپ کیا جب کہ چلی کی ٹیم شکست کے باوجود 16ٹیموں کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
اُدھر ڈربن میں گروپ جی میں عالمی نمبر تین پرتگال نے ٹاپ رینکنگ برازیل کےساتھ میچ بغیر کسی گول کےبرابری پر ختم کیا۔
حالیہ ورلڈ کپ میں اِس گروپ کو سب سےسخت گروپ خیال کرتے ہوئے‘ڈیتھ گروپ’ کا نام دیا گیا تھا۔
اِسی گروپ سے اِنہی دو ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالی فائی کیا ہے۔
آئیوری کوسٹ نے اگرچہ جمعے کے روز نیلسپروت میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا کو تین صفر سے شکست دی لیکن وہ اگلے مرحلے میں نہ پہنچ سکی کیونکہ گول اوسط بہتر کرنے کے لیے اِس میچ میں کم از کم 9گول سے فتح درکار تھی۔
ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ‘دِی ایلیفینٹس’ کے نام سے موسوم آئیوری کوسٹ کو افریقی ممالک کی ٹیموں میں سب سے مضبوط خیال کیا جا رہا تھا لیکن 2006ء کے ورلڈ کپ کی طرح آئیوری کوسٹ اِس بار بھی ایک مشکل گروپ میں ہونے کے باعث پہلے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکا۔ جوہانسبرگ میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم کی ایک مداح کہتی ہیں کہ اِس پرفارمنس پر تو ملک کے صدر سمیت تمام شہری مایوس ہوئے ہیں۔
جمعے ہی کے روز ہندوراس اور سوٹزرلینڈ کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دونوں ٹیموں کا اِس ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا۔32ممالک کی ٹیموں میں سے اب صرف 16باقی رہ گئی ہیں اور ان 16ٹیموں کے درمیان اگلا راؤنڈ ہفتے کے روز شروع ہورہا ہے۔
پانچ بار کی عالمی چمپین برازیل کی ٹیم پیر کو چلی کے مدِ مقابل ہوگی جب کپ اسپین کا سامنا دوسرے راؤنڈ کے آخری میچ میں پرتگال سے ہوگا۔
ناک آؤٹ راؤنڈ میں یوروگوائےکا مقابلہ ہفتےکو جنوبی کوریا سے ہےجب کہ امریکہ اورگھانا کی ٹیمیں آج ہی کےدِن رسٹن برگ میں مدِ مقابل ہیں۔
امریکہ 2006ء کےعالمی کپ میں گھانا کے ہاتھوں شکست کا حساب برابر کرنا چاہتا ہےجب کہ مخالف ٹیم کےسیاہ فام کھلاڑیوں پر واحد ٹیم کے اِس راؤنڈ میں پہنچنے کا دباؤ ہوگا۔ ہفتے کے روز جیتنے والی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ جائیں گی۔