پاکستان میں سینما کی بحالی کے بعد اچھی بات یہ ہوئی کہ نئے نئے پروڈیوسرز،ڈائریکٹرز اورآرٹسٹ تباہ حال فلم انڈسٹری کے افق پرابھرے لیکن منفی بات یہ ہے کہ گنی چنی فلموں کے علاوہ زیادہ پاکستانی فلمیں باکس آفس پرناکامی سے دوچارہوئیں اور یہ سلسلہ بظاہرجلد ختم ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔
رواں سال کے دس مہینے گزرنے کے بعدجن پاکستانی فلموں کو’کامیاب‘ کہا جاسکتا ہے وہ ’نامعلوم افراد2‘ اور’میں پنجاب نہیں جاؤں گی‘ ہیں۔
’ نامعلوم افراد2‘کوتو کچھ رکاوٹوں کا سامنا بھی رہا لیکن’ میں پنجاب نہیں جاؤں گی‘بلا کسی رکاوٹ باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی اور فلم نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی پسند کی گئی۔
آج کل جس پاکستانی فلم کے بارے میں بہت زیادہ امیدیں ہیں اور جس کی پبلسٹی زوروشورسے جاری ہے وہ فلم میکر اور اداکار شان شاہد کی فلم’ ارتھ 2‘ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ’ ارتھ2‘کسی پاکستانی فلم کا نہیں بلکہ بالی وڈ کی ہٹ فلم’ ارتھ‘کا ری میک ہے۔
اگرچہ شان شاہد ایک عرصے تک پاکستان میں بالی وڈ فلموں کی ریلیز کے مخالف سمجھے جاتے رہے لیکن انہوں نے ری میک بنانے کے لئے بالی وڈ کی فلم کو چنا۔ ان کا یہ فیصلہ ان کے ناقدین سمیت عام فلم بینوں کے لئے اب تک حیران کن ہے۔
شان شاہد،حمیمہ ملک ،محب مرزا اور عظمی حسن کی کاسٹ پر مشتمل ’ارتھ 2‘دسمبرکی21تاریخ کوسینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کا ٹریلرریلیز کردیا گیا ہے جسے دیکھنے والوں نے سراہا ہے۔
سن1982میں اس وقت کی میگا ہیروئنز شبانہ اعظمی اورسمیتا پاٹل کے ساتھ خواتین کرداروں کے گرد گھومتی ’ارتھ‘ فلم بنانے والے بالی وڈ کے سینیر فلم میکر اورڈائریکٹرمہیش بھٹ نے شان کی ’ارتھ 2‘کی تعریف میں کسی کنجوسی سے کام نہیں لیا۔
ٹوئٹر‘ پر شان کے نام اپنے پیغام میں مہیش بھٹ نے ’ارتھ 2کو‘شاندارفلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلم بہت جوش وجذبے سے بنائی گئی ہے‘۔
انہوں نے’ ارتھ 2‘کونوجوان نسل تک پہنچانے کے لئے شان کا شکریہ بھی ادا کیا ۔
ٹریلر کی ریلیز کے وقت ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شان کا کہنا تھا’’ ارتھ 2‘بنانے میں پور ی توانائی صرف کی ہے۔ طویل عرصے بعد رومینٹک فلم بنانا میرے لئے بڑا چیلنج تھا۔ امید ہے فلم شائقین کو پسند آئے گی۔‘