کیوبا اور امریکہ کے تعلقات میں بحالی کا ایک اور باب اتوار کو اس وقت کھلا جب پچاس سال سے زائد عرصہ میں پہلی مرتبہ ایک مسافر بحری جہاز امریکہ سے کیوبا روانہ ہوا۔
کارنیوال کروز لائنز کا بحری جہاز ’ایڈونیا‘ 700 مسافروں کو لے کر اتوار کو میامی سے روانہ ہوا اور پیر کو ہوانا پہنچے گا۔
کارنیوال کے چیف آرنلڈ ڈونلڈ نے کہا کہ ’’تاریخ سازی کا حصہ بننا اور ہر کسی کے لیے ایک زیادہ مثبت مستقبل کی تیاری کرنا کمپنی کو ملنے والے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔‘‘
ایڈونیا ہر ماہ دو مرتبہ ہوانا کا سفر کرے گا۔
ابتدائی طور پر کیوبا کے حکام نے امریکہ میں مقیم کیوبن نژاد افراد کے اپنی جانے پیدائش تک سفر پر پابندی عائد کر دی تھی کیونکہ ان کو خوف تھا کہ وہ سیاسی اختلاف رائے پیدا کریں گے۔ مگر بعد میں یہ مسئلہ کیوبا اور امریکہ کے حکام نے بات چیت سے حل کر دیا تھا۔
امریکہ اور کیوبا کے درمیان باقاعدہ فضائی سروس کا آغاز اس سال کے اواخر تک متوقع ہے۔
گزشتہ سال صدر اوباما نے کیوبا کے ساتھ پچاس سال سے زائد عرصہ سے منقطع تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور رواں سال کیوبا کا تاریخ ساز دورہ بھی کیا تھا۔