صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ چین کے ایک اعلیٰ عہدیدار امریکہ کے دورے پر آ رہے ہیں۔
چین کے صدر شی جنپنگ کے خارجہ پالیسی کے لیے اعلیٰ ترین مشیر اسٹیٹ کونسلر یانگ جیئچی پیر اور منگل کو اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یانگ چین کے وزیر خارجہ اور امریکہ میں سفیر بھی رہ چکے ہیں۔
دنیا کی ان دو بڑی اقتصادی قوتوں کے درمیان ٹرمپ کی طرف سے چین پر غیرمنصفانہ تجارتی طریقہ کار سمیت متعدد الزامات کے بعد تعلقات کی سمت پر غیریقینی کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
ٹرمپ جنوبی بحیرہ چین میں بیجنگ کی سرگرمیوں پر اسے تنقید کا نشانہ بنانے کے علاوہ تائیوان سے امریکہ کے تعلقات استوار کرنے کا عندیہ بھی دے چکے تھے۔
چین، تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے اور ٹرمپ کے ایسے بیانات پر اس نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کو "ون چائنا" پالیسی کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔