رسائی کے لنکس

سہ ملکی سیریز: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دے دی 


بنگلہ دیش کے کھلاڑی داس ایک شاٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ وکٹون کے پیچھے وکٹ کیپر محمد رضوان دکھائی دے رہے ہیں۔ 7 اکتوبر 2022
بنگلہ دیش کے کھلاڑی داس ایک شاٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ وکٹون کے پیچھے وکٹ کیپر محمد رضوان دکھائی دے رہے ہیں۔ 7 اکتوبر 2022

نیوزی لینڈ میں جاری سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں جمعے کو کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نورالحسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے تین، محمد نواز نے دو، حارث رؤف، شاہنواز دھانی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹںگ کی تو محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پاور پلے میں بنگلہ دیشی بالرز پاکستانی بلے بازوں پر حاوی رہے اور دونوں بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پاور پلے میں بنگلہ دیشی بالرز پاکستانی بلے بازوں پر حاوی رہے اور دونوں بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

پاکستانی ٹیم کا اسکور آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر 52 تک پہنچا تو بابر اعظم 25 گیندوں پر 22 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چار چوکے بھی لگائے۔

دوسرے نمبر پر بیٹنگ پر آنے والے شان مسعود نے محمد رضوان کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 94 تک پہنچا تو شان مسعود بھی ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 22 گیندیں کھیلیں۔

پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ حیدر علی چھ، افتخار احمد 13 اور آصف علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ آمد سے قبل کرکٹ مبصرین پاکستان کے مڈل آرڈر پر سوال اٹھا رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان کامیاب ترین بلے باز ثابت ہوئے جنہوں نے 50 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ محمد نواز بھی آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں اور ہر ٹیم کے حصے میں چار چار میچز آئیں گے۔ یہ سیریز تینوں ٹیموں کے لیے آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنا کمبی نیشن فائنل کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔

پاکستانی ٹیم سہ ملکی سیریز میں اپنا دوسرا میچ آٹھ اکتوبر کو میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گی جس کے بعد نو اکتوبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی۔

دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس 11 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل ہوں گی جس کے دوران نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایک میچ کھیلیں گی۔

ایونٹ کا فائنل سب سے زیادہ میچز جیتنے والی دو ٹیموں کے درمیان 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG