رسائی کے لنکس

چاند پر چرخہ کاتتی بڑھیا کو ڈھونڈنے والے کی کہانی


بے شمار بچوں نے بچپن میں کہانی سنی ہے کہ چاند پر ایک بڑھیا رہتی ہے جو چرخہ کاتتی ہے۔ چاندنی راتوں میں چکور بے قرار ہو جاتا ہے اور سمندر بھی خوب شور مچاتا ہے۔ دنیا بھر کے عاشق میر تقی میر کے مقلد ہیں جنھیں چاند میں اپنے محبوب کا عکس دکھائی دیتا تھا۔

چاند میں اس لیے کشش تھی کہ وہ ناقابل تسخیر تھا۔ امریکی خلاباز نیل آرمسٹرونگ نے چاند کو تسخیر کرکے بہت سی رومانوی کہانیوں کو گہنا دیا۔ لیکن، انھوں نے ایک نئی سنسنی خیز کہانی فراہم کی جس میں ایک خلاباز اپنی محبوب منزل یعنی چاند تک پہنچ جاتا ہے۔ اس کہانی پر مبنی فلم فرسٹ مین نمائش کے لیے تیار ہے۔

نیل آرمسٹرونگ اپنے ہم سفر بز آلڈرن کے ساتھ خلائی گاڑی ’اپالو الیون‘ کے ذریعے چاند پر پہنچے تھے اور 21 جولائی 1969 کو وہاں پہلا قدم رکھا۔

فلم کا اسکرپٹ جیمز ہینسن کی کتاب ’فرسٹ مین‘ سے اخذ کیا گیا ہے، جبکہ مرکزی کردار کینیڈین اداکار رائن گوسلنگ نے نبھایا ہے۔

فلم گزشتہ دنوں اس وقت تنازع کا شکار ہوئی جب یہ خبر سامنے آئی کہ اس میں نیل آرمسٹرونگ اور بز آلڈرن کے چاند کی سطح پر امریکا کا پرچم لگانے کا منظر شامل نہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ وہ یہ فلم دیکھنے نہیں جائیں گے۔

’فرسٹ مین‘ کی 29 اگست کو وینس فلم فیسٹول اور 9 ستمبر کو ٹورنٹو فلم فیسٹول میں اسکریننگ کی گئی تھی جہاں فلمی ناقدین نے اسے کافی سراہا۔

چھ کروڑ ڈالر کی لاگت سے بنائی گئی فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اسٹیون اسپیل برگ ہیں اور اسے 12 اکتوبر کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG