رسائی کے لنکس

فٹبال ورلڈ کپ: فرانس بیلجیم کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا


فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کے پہلے سیمی فائنل میں فرانس نے بیلجیم کو ایک۔صفر سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، میچ کا واحد گول سیموئل اُمتیتی نے کیا۔

پہلے ہاف میں بھرپور کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔

دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کیے، 51 ویں منٹ میں فرانس کے دفاعی کھلاڑی سیموئل اُمتیتی نے گریزمین کے پاس پر ہیڈر کے ذریعے گیند گول میں پھینک دی۔

بیلجیم نے برتری ختم کرنے کے لئے ٹیم میں کئی تبدیلیاں بھی کیں جو بے سود رہیں، اس دوران بیلجیم کے کئی کھلاڑیوں کو یلو کارڈ بھی دکھائے گئے۔

میچ کا اختتام ایک گول سے فرانس کی برتری پر ہوا جو فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

بیلیجم کی ٹیم دوسری مرتبہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچی تھی، 1986ء میں اُسے ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ تیسرا میچ تھاجو تمام کے تمام فرانس نے جیتے ہیں، فرانس نے 1938ء کے ورلڈ کپ میں تین۔ایک جبکہ 1986ء میں چار۔دو سے فتح حاصل کی تھی۔

یہ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 74واں میچ تھاجن میں فرانس نے 25 اور بیلجیم نے 30 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ 19 بے نتیجہ رہے۔

فرانس اور بیلجیم کی ٹیمیں ورلڈ کپ مقابلوں میں 30 سال بعد پہلی بار مدمقابل آئی تھیں، 1985ء میں تیسری پوزیشن کے میچ میں فرانس نے 4-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ورلڈکپ کا فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا جہاں فرانس کا مقابلہ بدھ کو کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG