رسائی کے لنکس

میچ آفیشل سے بدکلامی پر میسی کو سزا


لیونل میسی (ٖائل فوٹو)
لیونل میسی (ٖائل فوٹو)

چار میچوں کی پابندی کے علاوہ میسی پر دس ہزار ایک سو ستر امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

فٹبال کی عالمی تنظیم "فیفا" نے معاون میچ ریفری سے بدکلامی کی پاداش میں ارجنٹائن کے مایہ ناز فٹبالر لیونل میسی پر چار بین الاقوامی میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔

اس پابندی سے آنے والے مہینوں میں ارجنٹائن کی ٹیم کو 2018ء فٹبال ورلڈ کپ کے پانچ کوالیفائنگ مقابلوں میں سے چار میں میسی کی خدمات حاصل نہیں ہو سکیں گی۔

فیفا کے مطابق گزشتہ جمعرات کو چلی کے خلاف کھیلے گئے میچ میں میسی اسٹنٹ ریفری کے ساتھ تلخ کلامی میں ہتک آمیز الفاظ استعمال کرنے کے مرتکب قرار پائے گئے۔

ان پر چار میچوں کی پابندی کے علاوہ دس ہزار ایک سو ستر امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ "یہ فیصلہ فیفا کے انضباطی کمیٹی کی ماضی میں ایسے ہی واقعات میں کی گئی کارروائیوں کے مطابق ہے۔"

ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے اس فیصلے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس پر تنقید کی اور اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے قومی سلیکشن اسکواڈ کے سیکرٹری جارج میاسڈوکی نے میسی پر پابندی کو "ایک دھچکہ اور غیرمنصفانہ" قرار دیا۔

صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ "ایسی مثالیں موجود ہیں جو یہ جواز فراہم کریں کہ یہ پابندی کم بھی ہو سکتی تھی۔ انھوں نے میسی اور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کی ٹانگیں کاٹ دی ہیں۔"

XS
SM
MD
LG