اس دور کی مقبول ترین ویب سائٹ 'فیس بک' نے آخر کار اپنےصارفین کو ناپسند کرنے کی صلاحیت دینےکا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی فیس بک کے پوسٹس کے لیے 'لائک بٹن' کےساتھ 'ڈس لائک' بٹن کا اضافہ کرئے گا۔
فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ نے منگل کو اپنے صدر دفتر میں سامعین کے ساتھ سوال و جواب کے ایک براہ راست سلسلے کے دوران انکشاف کیا کہ کمپنی کی طرف سے لائک بٹن کے متبادل ناپسندیدگی کے بٹن کی آزمائش کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کچھ صارفین کی جانب سے اسی طرح کے ایک بٹن کا مطالبہ کیا جارہا تھا ،جیسا کہ 2009 میں لائک کا بٹن متعارف کروایا گیا تھا۔
اُن کے بقول، ’آج کا دن اہم ہے کیونکہ ہم حقیقتاٍ یہ کہنے کے قابل ہوگئے ہیں کہ ہم اس پر کام کررہے ہیں اور اس کی آزمائش کے قریب پہنچ چکے ہیں۔'
یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اصل میں یہ ایک ناپسندیدگی کا بٹن کہلائے گا۔ تاہم، فیس بک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ بٹن پوسٹ کے لیے نفرت کے اظہار کے لیے نہیں ہوگا۔
کمپنی کے چیف مارک زکربرگ کا کہنا تھا فیس بک ایک ایسی خصوصیت پر کام کر رہی ہے جو صارفین کو بعض اوقات لائک سے کہیں زیادہ جذبات کے اظہار کے قابل بنائے گی۔
اُن کے الفاظ میں، 'ہم فیس بک کو ایک ایسا فورم بنانا نہیں چاہتے جہاں لوگ پوسٹ کو اٹھانے یا نیچا گرانے کے لیے ووٹنگ کر رہے ہوں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حیرت انگیز طور پر اس بٹن کو تخلیق کرنا مشکل ثابت ہوا ہے اور فیس بک کا خیال ہے کہ وہ نئے بٹن کے افتتاح سے قبل اسے تجرباتی طور متعارف کرائے گا۔ تاہم، ان کی جانب سے اس بٹن کو متعارف کرنے کی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ'زندگی میں تمام وقت اچھا نہیں ہوتا'۔ اور فیس بک ایک نئے بٹن پر کام کررہی ہے جو دوستوں کی اداس کرنے والی پوسٹ جیسا کہ قدرتی آفات یا پیاروں کے فوت ہونےکی اطلاع کے پوسٹ کے ساتھ ہمدردی کے جذبات کے اظہار کا ذریعہ ہوگا جہاں لائک کرنا نامناسب لگتا ہے۔
اکتیس سالہ مارک زکربرگ دسمبرمیں ایک پریس کانفرنس میں ناپسندیدگی کے بٹن کے خیال کو مسترد کر دیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ فیس بک پر ڈس لائک کے بٹن کی درخواست سالوں سے کر رہے ہیں اور تقریباً سینکڑوں لوگ اس کے بارے میں پوچھ چکے ہیں ، کیونکہ وہ اس قابل بننا چاہتے ہیں کہ دوستوں کو بتا سکیں کہ یہ چیزیں پوسٹ کرنا اچھا نہیں ہے۔ لیکن، ہم ایسا کرنا نہیں چاہتے ہیں۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ 'میں نہیں سمجھتا کہ یہ کمیونٹی کے لیے سماجی طور پر قابل قدر یا بہت اچھا ثابت ہو گا۔‘