رسائی کے لنکس

فیس بک اور ٹوئٹر نے کرونا سے متعلق صدر ٹرمپ کی پوسٹس ہٹا دیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹوئٹر نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کچھ ایسی پوسٹس ہٹا دی ہیں، جو کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات کی روک تھام کے لئے فیس بک اور ٹوئٹر کی پالیسی کے خلاف تھیں۔ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ترجمان نے اسے سوشل میڈیا کا متعصبانہ رویہ قرار دیا ہے۔

فیس بک سے بدھ کو ہٹائی جانے والی پوسٹ صدر ٹرمپ کے ایک ویڈیو انٹرویو پر مبنی تھی جس میں صدر ٹرمپ کہہ رہے تھے کہ چھوٹے بچوں کو کرونا وائرس نہیں ہوتا۔

فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ویڈیو میں کہا گیا تھا کہ ایک مخصوص گروپ کو کرونا وائرس نہیں ہو سکتا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو کرونا وائرس سے متعلق غلط معلومات کی روک تھام کے سلسلے میں کمپنی کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ فیس بک نے صدر ٹرمپ کی کوئی پوسٹ ہٹائی ہو، لیکن ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کوئی ایسی پوسٹ ہٹائی گئی، جو کرونا وائرس سے متعلق غیر مصدقہ معلومات عام کرتی ہے۔

اس کے چند گھنٹوں بعد ٹوئٹر نے بھی صدر ٹرمپ کی کمپین ٹیم پر اس ویڈیو کو ہٹانے تک اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے کچھ پوسٹ کرنے پر عارضی پابندی عائد کر دی۔ ٹرمپ کمپین کی اس ویڈیو کو صدر ٹرمپ نے ری ٹوئٹ کیا تھا۔

بعد ازاں ٹوئٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس ویڈیو کو کرونا وائرس سے متعلق غلط معلومات کی روک تھام سے متعلق ٹوئٹر کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ہٹایا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ترجمان کورٹنی پریلا نے الزام عائد کیا ہے کہ سوشل میڈیا ادارے صدر ٹرمپ کے لیے متعصبانہ رویہ اختیار کرتے ہیں۔

ان کے بقول صدر ٹرمپ نے صرف حقیقت بیان کی ہے اور سوشل میڈیا کمپنیاں سچائی کی ثالث نہیں ہیں۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران ایک مرتبہ پھر کہا کہ بچوں پر کرونا وائرس کا بہت کم اثر ہوتا ہے۔

بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بچے بہت اچھے طریقے سے کرونا وبا کا مقابلہ کرتے ہیں۔ اگر آپ کرونا سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو پتا چلتا ہے کہ بچوں کی قوتِ مدافعت بہت مضبوط ہوتی ہے اور وہ کرونا سے بہت کم متاثر ہوتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 24 فروری سے 12 جولائی 2020 تک ساٹھ لاکھ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں پانچ سے 14 سال کی عمر کے بچوں کی تعداد تقریباً چار اعشاریہ آٹھ فی صد تھی۔

امریکہ کے وبائی امراض کی روک تھام کے ادارے 'سی ڈی سی' نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے زیادہ تر بالغ افراد متاثر ہوئے ہیں تاہم یہ وبا بچوں سے دیگر افراد میں بھی منتقل ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG