رسائی کے لنکس

امریکی بینک پاکستان کے سرکاری منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا


ایگزم کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خزانہ
ایگزم کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خزانہ

امریکہ کا ایکسپورٹ۔امپورٹ بینک امریکہ کی سرکاری ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی ہے اور یہ عالمی مارکیٹوں میں 80 سال سے زائد تجربے کے ساتھ ایک خود مختار اور خود کفیل ادارہ ہے۔

امریکہ کے ایکسپورٹ، امپورٹ بینک (ایگزم) کے چیئرمین فریڈ پی ہاک برگ نے اعلان کیا ہے کہ ایگزم بینک سرکاری شعبے کے منصوبوں کے لیے اب پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی پیشکش کرے گا۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ایگزم بینک کے چیئرمین ہاک برگ اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی۔

بیان کے مطابق ایگزم کے چیئرمین ہاک برگ نے کہا کہ امریکہ کا ایکسپورٹ۔امپورٹ بینک پاکستانی کاروبار اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے سلسلے میں اس کے ساتھ شراکت کے لیے تیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی پھلتی پھولتی معیشت، بڑھتا ہوا متوسط طبقہ، جنوبی اور وسط ایشیائی خطے تک رسائی سے سرمایہ کاری کے زبردست مواقع فراہم ہوئے ہیں اور ہم اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

معاشی اُمور کے ماہر قیصر بنگالی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ایگزم بینک سمیت دیگر بینکوں کے لیے پاکستان میں منصوبوں میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔

ایگزم کے چیئرمین ہاک برگ نے پاکستان میں ایگزم کی ٹھوس تاریخ بالخصوص توانائی، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں ایگزم کی شراکت پر روشنی ڈالی اور اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایگزم بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے اس تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق ایگزم بینک کے چیئرمین نے کہا کہ امریکہ کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں اور سب سے بڑے سرمایہ کاری کے ذرائع میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مضبوط اور مفید تعلق کو مزید آگے بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔

اپنے تین روزہ دورہ پاکستان کے دوران ایگزم بینک کے چیئرمین ہاک برگ نے متعدد حکومتی رہنماؤں کے علاوہ نجی شعبے کے اعلیٰ منتظمین سے بھی بات چیت کی۔

امریکہ کا ایکسپورٹ۔امپورٹ بینک امریکہ کی سرکاری ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی ہے اور یہ عالمی مارکیٹوں میں 80 سال سے زائد تجربے کے ساتھ ایک خود مختار اور خود کفیل ادارہ ہے۔

ایگزم بینک غیر ملکی سرکاری اور نجی شعبے کے اداروں کو امریکی اشیاء و خدمات کی خریداری میں مدد کے لے قرض فراہم کرتا ہے۔ سال 2015 میں ایگزم بینک نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 12 ارب 40 کروڑ ڈالر کی منظوری دی۔

XS
SM
MD
LG