رسائی کے لنکس

چینی کمپنیوں کے پاکستان سے دو ارب ڈالر کے معاہدے


سنکیانگ میں کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ ژانگ چونگسیئن وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں۔
سنکیانگ میں کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ ژانگ چونگسیئن وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سنکیانگ اور پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے دو ارب ڈالر کے معاہدوں میں دیگر منصوبوں کے علاوہ بنیادی ڈھانچے، شمسی توانائی اور رسد کے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے "رائیٹرز" کے مطابق رواں ہفتے چین کے مغربی صوبے سنکیانگ سے ایک اعلیٰ سرکاری وفد کے پاکستان دورے کے دوران صوبے کی کمپنیوں اور پاکستان کے درمیان دو ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں 46 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے جن کے تحت پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

اس کے عوض چین کو پاکستان کی گوادر بندرگاہ میں واقع ’فری ٹریڈ زون‘ یعنی آزاد تجارتی علاقے اور بحیرہ عرب تک رسائی دی جائے گی۔

چین کا سامان تجارت پاکستان کی سرحد پر واقع سنکیانگ صوبے سے اقتصادی راہداری کے ذریعے بحیرہ عرب اور بعد میں مشرق وسطیٰ اور یورپ بھجوایا جائے گا۔

رائیٹرز نے روزنامہ ’سنکیانگ ڈیلی‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنکیانگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ ژانگ چونگسیئن نے اپنے چار روزہ دورے کے دوران پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے علاوہ اسلام آباد، کراچی اور گوادر کا دورہ کیا۔

اخبار میں ژانگ کے حوالے سے کہا گیا کہ ’’چین اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی ہے، وہ اچھے ہمسائے، دوست، بھائی اور ساتھی ہیں۔ اس دورے کے دوران مجھے اس دوستی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے متعلق ماحول کا گہرائی سے ادراک ہوا ہے۔‘‘

اخبار میں بتایا گیا کہ سنکیانگ اور پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے دو ارب ڈالر کے معاہدوں میں دیگر منصوبوں کے علاوہ بنیادی ڈھانچے، شمسی توانائی اور رسد سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

چین پاکستان پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ افغان سرحد پر واقع قبائلی علاقوں میں سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے، جہاں طویل عرصہ سے طالبان اور القاعدہ سرگرم رہے ہیں۔

رائیٹرز نے اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی، سرحدی کنٹرول بہتر بنانے، علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی حفاظت پر تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ژانگ نے اس دورے کے دوران پاکستان کے عسکری عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

XS
SM
MD
LG