رسائی کے لنکس

ایتھوپیا: فوجی بغاوت ناکام، آرمی چیف کو گولی مار دی گئی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

افریقی ملک ایتھوپیا کے سرکاری میڈیا کے مطابق فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے دوران چیف آف جنرل اسٹاف سمیت تین اعلی حکام ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریاستی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چیف آف جنرل اسٹاف سیار میکونن کو ان کے دفتر میں انھی کے محافظ نے گولی مار کر ہلاک کیا۔

ایتھوپیا کے سرکاری ٹی وی کے مطابق فوجی بغاوت کے دوران شمالی ریاست 'امہارا' کے صدر 'امباچیو میکونن' اور ان کے مشیر بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

ایتھوپیا کے وزیر اعظم نے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں تصدیق کی کہ 'امہارا' کے شہر بہردار میں فوجی بغاوت کی کوشش ہوئی ہے۔ جو علاقے میں بمشکل قائم کیے گئے امن وامان کو نقصان پہنچانے کی سازش تھی۔

انھوں نے بتایا کہ فوجی بغاوت کی کوشش کے دوران چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سار میکونن اپنے قریبی ساتھی کی فائرنگ سے مارے گئے ہیں۔

سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ بغاوت کے منصوبے میں شامل متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

وزیر اعظم ابے احمد نے تین سال قبل پرتشدد واقعات کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔انھوں نے ملک میں متعدد اصلاحات متعارف کروانے کے علاوہ سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں بھی اٹھا لیں تھیں۔ اس دوران متعدد سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا تھا۔

ادیس ابابا میں امریکی سفارتخانے نے بھی فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کی ہے، جبکہ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایتھوپیا کے مختلف شہروں میں مواصلاتی رابطے بھی منقطع ہیں۔

XS
SM
MD
LG