اکشے کمار اور انوشکا شرما کی نئی فلم "پٹیالہ ہاوٴس" ریلیز کردی گئی ہے ۔ فلم کے ڈائریکٹر نکھیل ایڈوانی ہیں جبکہ فلم کو پروڈیوس کیا ہے اکشے کی بیوی ٹوئنکل کھنہ نے اور ان کا ساتھ دیا ہے، مکیش تلریجہ، زوبی اور کشن کمارنے ۔
اکشے کمار نے پچھلے تین سالوں کے دوران ایک خاص پالیسی کو اختیار کرتے ہوئے فلمیں سائن کی ہیں۔ ان کی یہ پالیسی کامیاب رہی ہے اور اس بات کا اندازہ اس طرح لگایا جاسکتا ہے کہ وہ تینوں فلمی 'خانوں' کے بعد سب سے زیادہ فلمیں کرنے والے اداکار بن گئے ہیں۔
اکشے کمار نے کسی بھی فلمساز کو ناراض نہیں کیا اور سب کو 'تھوک کے بھاوٴ' تاریخیں دیں جس کا فائدہ یہ ہوا کہ ایک طرف تو فلمسازوں کا بجٹ نہیں بڑھا تو دوسری جانب ان کی ایک کے بعد ایک فلم ریلیز ہوتی چلی گئی لیکن ان پہ در پہ آنے والی فلموں نے اکشے کمار کے کام کا معیار گھٹا دیا۔ یہی سبب ہے کہ گزشتہ سال اکشے کمار کی ایک بھی فلم باکس آفس پرکوئی بڑا کمال نہیں کرسکی۔ یہاں تک کہ ان کے پسندیدہ ڈائریکٹر پریادرشن بھی انہیں کیش کرانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
نکھیل ایڈوانی اس سے قبل اکشے کمار کے ساتھ فلم "چاندنی چوک ٹو چائنا" کرچکے ہیں لیکن یہ فلم ابتدائی مراحل میں ہی فلاپ ہوگئی تھی۔ ایسا لگتا ہے کہ اب قریب قریب یہی حال ان کی نئی فلم " پٹیالہ ہاوٴس" کا ہونے والا ہے۔
فلم کا پورا سیٹ اپ پنجاب کا رکھا گیا ہے ۔ ایک پنجابی فیملی جس کی چار نسلیں لندن میں پلی بڑھیں، اس کا سربراہ (رشی کپور) چاہتا ہے کہ اس کا بیٹا اپنا خاندانی کاروبار سنبھالے مگر جواں سال بیٹا (اکشے کمار) اپنی زندگی اپنے مطابق جینا چاہتا ہے۔ وہ ایک کامیاب آل راوٴنڈر کرکٹر بننا چاہتا ہے۔ اس کی ماں (ڈمپل کپاڈیہ) اس کا خواب پورا کرنے میں ہر طرح کا تعاون کرتی ہے ۔
نکھیل ایڈوانی نے فلم میں کرکٹ کے ماحول کو حقیقت سے قریب تر کرنے کے لئے سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں کی مدد لی ہے اور لندن کے مشہور اوول کرکٹ گراوٴنڈ میں شوٹنگ کی۔ فلم کو کامیابی دلانے کے لئے فیملی ڈرامے کا تڑکا بھی لگانے کی کوشش کی گئی ہے جہاں اختلافات، پیار محبت، شکوہ اور کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں مگر آخر میں سب کو ہنستے ہوئے ایک ساتھ پردے پر فیملی فوٹو کی طرح آجانا فلم کو دوسروں سے جدا نہیں رکھ پاتا۔ البتہ لندن کی خوبصورت لوکیشنز کو کیمرہ مین نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ پردے پر اتارا ہے۔
موسیقار شنکر احسان لوئے فیملی فلموں کا میوزک ترتیب دینے میں اس قدر ماہر ہوگئے ہیں کہ انہیں اب کچھ نیا کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ وہ پرانی دھنوں میں ہی ہیرپھیر کرکے کام چلاتے ہیں۔ فلم کی ایڈیٹنگ اس بے ترتیبی سے انجام دی گئی ہے کہ فلم کی اسپیڈ کہیں تیز اور کہیں سست ہوجاتی ہے۔ اگر پوری فلم کی رفتار ایک سی رہتی تو اچھا تھا۔
35 سالہ اکشے کمار اپنی عمر سے نصف عمر کی اداکارہ کے ساتھ ناچتے اچھے نہیں لگے اور نہ ہی کوئی اچھا تاثر چھوڑ پائے۔ عمروں کے درمیان فرق کی وجہ سے اکشے کمار اور انوشکا شرما کی جوڑی بھی نہیں کھپ سکی۔ رشی کپور کی اداکاری دیکھتے ہوئے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ امیتابھ بچن کے بعد وہ کریکٹر ایکٹر کے طور پر سب سے زیادہ کامیاب رہیں گے۔