اینگل نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارت واپس بھیجنے کا اعلان ’’بامعنی مکالمے کے ذریعے اس تنازعے کے خاتمے کے ضمن میں ایک پہلا اچھا قدم ہے‘‘
امریکی ایوانِ نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی کے سربراہ، الیوٹ ایل اینگل نے بھارت پاکستان کشیدگی پر شدید اظہار تشویش کیا ہے۔
ایک اخباری بیان میں، اُنھوں نے کہا کہ اس ماہ کے اوائل میں بھارتی زیر انتظام کشمیر کے شہر پلوامہ میں جیش محمد کے مبینہ دہشت گرد حملے کے نتیجے میں بھارت پاکستان مخاصمانہ کارروائیاں اور کشیدگی پر اُنھیں شدید تشویش لاحق ہے۔
اُنھوں نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ ’’تحمل سے کام لیں اور کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کریں‘‘۔
اینگل نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارت واپس بھیجنے کا اعلان ’’بامعنی مکالمے کے ذریعے اس تنازعے کے خاتمے کے ضمن میں ایک پہلا اچھا قدم ہے‘‘۔
ساتھ ہی اُنھوں نے کہا کہ ’’مجھے دہشت گرد گروپوں، بشمول جیش محمد، کے لیے جاری پاکستانی حمایت کے بارے میں بھی شدید تشویش لاحق ہے‘‘۔
اینگل نے کہا کہ کسی قسم کا غلط اندازہ لگانے سے گریز کرنا، جس کے بارے میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے درست طور پر خوف کا اظہار کیا ہے، اور لازم ہے کہ پاکستانی رہنما جیش محمد اور پاکستانی سرزمین پر اُس کے دہشت گرد ڈھانچے کے خلاف واضح اقدام کریں‘‘۔