رسائی کے لنکس

جنسی ہراساں کیے جانے سے بچاؤ کی ہیلپ لائن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہالی وڈ اداکارہ ایما واٹسن نے خواتین کو دفاتر اور کام کے دیگر مقامات پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعات سے بچانے اور انہیں اس سلسلے میں قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے۔

فلم 'ہیری پاٹر' کی ہیروئن ایما واٹسن نے خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے بارے میں جانیں۔

ایما خواتین کے حقوق کے حوالے سے برطانیہ کی سرگرم ترین خواتین میں شمار کی جاتی ہیں۔

گزشتہ روز ہیلپ لائن سے متعلق گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ انگلینڈ اور ویلز میں اپنی نوعیت کی پہلی مفت ہیلپ لائن سروس ہے جس کے ذریعے خواتین کو قانونی مشاورت فراہم کی جائے گی۔

ایک تحقیقی مقالے کا حوالہ دیتے ہوئے ایما کا کہنا تھا کہ ہر دو میں سے ایک خاتون کو دفاتر یا ملازمت کے دیگر مقامات پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کیے جانے کے واقعات میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

ایما واٹسن نے مزید کہا کہ ہیلپ لائن کے نتیجے میں گھروں کی چار دیواری کے اندر ہراساں کیے جانے کے واقعات میں بھی کمی آئے گی۔ خواتین سے متعلق ماحول بدلے گا اور انہیں ہراساں کیے جانے کے واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔

ہیلپ لائن کے قیام کے لیے ایم واٹسن کے علاوہ لوگوں نے بھی عطیات دیے ہیں جب کہ برطانیہ کے کئی بڑے تجارتی اداروں نے بھی اس سلسلے میں فنڈز فراہم کیے ہیں۔

ہیلپ لائن کے ذریعے 'رائٹس آف ویمن' نامی ادارے کے ماہرین خواتین کو قانونی مشاورت فراہم کریں گے۔

ایما واٹسن کا خواتین سے کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام حقوق کے متعلق آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ یہ کوشش بھی کریں کہ ان حقوق کا تحفظ دفاتر یا کام کی دیگر جگہوں پر یقینی بنایا جائے۔ ان کے بقول خواتین کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔

XS
SM
MD
LG