رسائی کے لنکس

ایلون مسک اورمارک زکر برگ کا مکسڈ مارشل آرٹ مقابلہ، مذاق یا حقیقت؟


 مارک زکربرگ اور ایلون مسک ، فائل فوٹو
مارک زکربرگ اور ایلون مسک ، فائل فوٹو

لیجیے بات مذاق مذاق میں کشتی کے اکھاڑے تک جا پہنچی ۔ٹیکنالوجی کی دنیا کی دو ارب پتی شخصیات ایلون مسک اور مارک زکربرگ کو ٹیکنالوجی اور امارت کے اعتبار سے تو مد مقابل کہا جا سکتا ہے مگر اب وہ دونوں ایک دوسرے سےجسمانی طاقت کے مقابلے کے لئے بھی تیار ہو رہے ہیں۔

ایلون مسک کہہ رہے ہیں کہ انہیں مارک زکربرگ کے ساتھ مکسڈ مارشل آرٹس کشتی کے لیے اکھاڑے میں اترنےسے پہلے ممکن ہے ایک سرجری کرانے کی ضرورت ہو۔

دونوں ارب پتی بظاہر ایک دوسرے کے مد مقابل آنے کو تیار ہو گئے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ جسمانی لڑائی یا کشتی واقعی ہوگی بھی کہ نہیں جب کہ اس کے وقت کا تعین بھی ابھی نہیں ہوا ہے۔

لیکن مسک اور زکر برگ ایک دوسرے پر آن لائن جملے بازیوں سے اس امکانی میچ کے بارے میں دلچسپی کومسلسل ہوا دیتے رہے ہیں ۔

براہ راست مارشل آرٹس کی لڑائی کی بات جون میں اس وقت شروع ہوئی تھی جب مسک نے جو 'ایکس' کے مالک ہیں، جس کا سابقہ نام ٹویٹر تھا ، میٹا کی جانب سے ٹویٹر کی نئی حریف ،تھریڈز، کی ریلیز کی تیاری کی خبرپر ردعمل کا اظہار کیا ۔

انہوں نے لکھا کہ دنیا مکمل طور پر زکر برگ کے زیر اثر ہوتی جارہی ہے اور اس کے پاس کوئی اور راستہ نہیں رہ گیا ہے ۔ لیکن پھر ٹوئٹر کے ایک صارف نے مذاق میں مسک کو زکر برگ کی ، جیو جٹسو ٹریننگ سے خبر دار کیا ، جو جاپانی مکسڈ مارشل آرٹس کا جنگلے میں ہونے والا ایک میچ ہے۔

مکسڈ مارشل آرٹس میچ یا کیج میچ کا ایک منظر، فائل فوٹو
مکسڈ مارشل آرٹس میچ یا کیج میچ کا ایک منظر، فائل فوٹو

جس پر مسک نے لکھا ،"اگر ان کی خوشی اسی میں ہے تو میں کیج میچ کے لئے تیار ہوں ۔" انہوں نے مزید کہا کہ لڑائی کی اسٹریمنگ سے کمایا جانے والا منافع سابق فوجیوں کے فلاحی فنڈ میں جمع کرایا جائے گا۔"

زکر برگ نے اس کے جواب میں اپنے پلیٹ فارم تھریڈز پر کہا کہ کیا ہمیں کسی زیادہ قابل بھروسہ پلیٹ فارم کو استعمال نہیں کرنا چاہئے جہاں سے واقعی چیریٹی کے لیے رقم اکٹھی کی جا سکے؟

جب زکر برگ بظاہر اس تجویز پر متفق ہو گئے تو مسک نے لاس ویگاس کی کمپنی اوکٹاگان کے رنگ میں میچ کی تجویز دی ۔

مسک نے بعد میں ٹائم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک طے شدہ ایم آر آئی اور ایک ممکنہ سرجری کی وجہ سے تاریخ ابھی تک طے نہیں کی جاسکی ۔

بہر طو، زکر برگ نے جو واقعی مکسڈ مارشل آرٹس میں تربیت یافتہ ہیں اور اس سال کے شروع میں اپنےجاپانی مارشل آرٹس جیو جٹسو ٹورنامنٹ مکمل کرنے کے بار ے میں خبریں پوسٹ کر چکے ہیں کہا، "میں آج تیار ہوں ۔ جب انہوں نے پہلی بار چیلنج کیا تھا تو میں نے 26 اگست کی تاریخ تجویز کی تھی۔"

لیکن مسک نے تاریخ کی تصدیق نہیں کی ہے ۔

دیکھنا یہ ہے کہ آیا مسک اور زکر برگ واقعی لاس ویگاس کے رنگ میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے ؟ خاص طور پر جب مسک اکثر کسی بھی کام کے بار ے میں قبل از وقت یا کچھ زیادہ سوچے سمجھے بغیر ٹویٹ کر دیتے ہیں ۔

لیکن اگر ان کا کیج میچ کا معاہدہ سارا کا سارا ایک مذاق ہے تو بھی اس نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی ہے ۔ اس کے رد عمل میں سوشل میڈیا پر میمیز اور پوسٹس کا ایک لا متناہی سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔

ایسو سی ایٹڈ پریس نے پیر کی صبح بیانات کے لیے میٹا، ایکس اور اوکٹاگان کے مالک سے رابطہ کیا تھا۔

( اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG