رسائی کے لنکس

الیکشن کمیشن کی استعداد بڑھانے کے لیے غیر ملکی امداد


فائل
فائل

سمجھوتے کے تحت الیکشن کمیشن کو آئندہ تین برسوں کے دوران 59 لاکھ ڈالر کی معاونت کمیشن کی استعدادِ کار میں اضافے کے ایک منصوبے کے لیے فراہم کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اور اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی ادارے 'یو این ڈی پی' کے پاکستان میں سربراہ اگناسیو ارتاسا نے بدھ کو ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔

اس سمجھوتے کے تحت الیکشن کمیشن کو آئندہ تین برسوں کے دوران 59 لاکھ ڈالر کی معاونت کمیشن کی استعدادِ کار میں اضافے کے ایک منصوبے کے لیے فراہم کی جائے گی۔

اس پراجیکٹ کے تحت 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو تربیت فراہم کرنا اور ووٹروں کی تعلیم و آگاہی کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں معاونت فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت الیکشن کے دوران نہ صرف ووٹنگ کے عمل کو بہتر بنانے بلکہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ امریکہ کا بین الاقوامی ترقی کا ادارہ 'یو ایس ایڈ' اور برطانیہ ایڈ بھی الیکشن کمیشن کی استعدادِ کار کو بہتر بنانے کے لیے معاونت فراہم کر چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 2018ء کے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے پہلے ہی کئی پروگرام شروع کر رکھے ہیں جن میں ووٹر لسٹوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ایسی خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کی کوششوں کو تیز کرنا بھی شامل ہے جن کے ووٹوں کا اندراج ابھی تک نہیں ہو سکا ہے۔

XS
SM
MD
LG