ورلڈ کپ 2019 کے تحت بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹورنامنٹ کا آٹھواں میچ بھارت نے 6 وکٹوں سے جیت لیا ہے جس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی یہ مسلسل تیسری ہار ہے۔ وہ افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور اس کے بعد بنگلادیش سے میچ ہار گیا تھا۔
بھارت کو میچ جیتنے کے لئے 228 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے آسانی سے حاصل کرلیا۔
آج کے میچ میں بھارت کی طرف سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور شیکھر دھون نے کیا جبکہ بھارت کی پہلی وکٹ 13 رنز پر ہی گر گئی۔ شیکھر دھون ڈی کوک کی بال پر صرف 8 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ ویراٹ کوہلی کریز پر کھلنے پہنچے۔
بھارت کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اس کے کپتان ویراٹ کوہلی 18 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں اینڈائل فلکوایو نے آؤٹ کیا۔ جبکہ انے بعد اے ایل راہول کھیلنے آئے۔
راہول اور روہت شرما نے 67 بالوں پر 50 رنز کی پارٹنر شپ کی لیکن جیسے ہی اسکور 139 رنز پر پہنچا راہول ربادا کی بال پر 26 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
اگلے بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی تھے، جبکہ اسی دوران روہت شرما نے سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 128 بالوں پر 100 رنز بنائے۔
47 ویں اوور میں ایم ایس دھونی مورس کی بال پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ انہوں نے 34رنز اسکور کئے تھے۔ دوسری جانب روہت شرما اب تک 122 رنز بناچکے تھے۔ دھونی کی جگہ ہاردک پانڈیا کھیلنے آئے۔
جنوبی افریقہ کا اسکور 227 رنز
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر بھارت کو 228 رنز بنانے کا ہدف دیا۔
بھارت کا یہ ٹورنامنٹ میں افتتاحی میچ ہے جبکہ جنوبی افریقہ اب تک دو میچ کھیل چکا ہے اور ان دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پہلے میچ میں انگلینڈ اور دوسرے میچ میں بنگلا دیش نے اسے ہرایا تھا۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے کیا جبکہ بھارت کی طرف سے بالنگ کی شروعات بھونیشور کمار نے کی۔
بھارت کو مخالف ٹیم کی پہلی مہنگی وکٹ لینے کے لئے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا اور ہاشم آملہ صرف 6 رنز پر بومرہ کی بال پر روہت شرما کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت جنوبی افریقہ کی جانب سے صرف گیارہ زنز ہی بن سکے تھے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 24 رنز پر گری، ڈی کوک 10 رنز بناکر بومرہ کی بال پر ویراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
ہی وینڈر ڈوسن کی وکٹ تیسرے نمبر پر گری۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 72 رنز اور ان کا انفرادی اسکور 22 رنز تھا جبکہ فاف ڈوپلیسی چوتھی وکٹ کے طور پر 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کو چہل نے بولڈ کیا۔
جے پی ڈومنی زیادہ رنز نہ بناسکے اور صرف تین رنز پر کلدیپ یادو کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے۔
ان کے بعد آنے والے کھلاڑی ڈیوڈ ملر کی پرفارمنس خاصی اچھی رہی۔ انہوں نے 42 رنز بنائے لیکن چہل نے انہیں اپنی بال پر کیچ کرلیا۔ اینڈائل فلکوایو 34 رنز پر مورس 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عمران طاہر کوئی رن نہیں بناسکے، ربادا ناٹ آؤٹ رہے۔
اینڈائل فلکوایو 34 رنز پر اسٹمپ ہوئے تھے ۔ وہ بار بار کریز سے باہر نکل رہے تھے اور ایم ایس دھونی انہیں بھانپ چکے تھے لہذا جیسے ہی موقع ملا انہوں نے فلکوایو کو اسٹمپ کردیا۔
یوں جنوبی افریقہ کے نو کھلاڑی بھارت کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 227 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انجرڈ ڈیل اسٹین ورلڈ کپ سے باہر
ادھر ایک اور اطلاع کے مطابق جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولرڈیل اسٹین صحت یاب نہیں ہوسکے جس کے سبب وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کا کندھا ابھی تک زخمی ہے۔
جنوبی افریقہ کے پانچویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ڈیل اسٹین اسی تکلیف کی وجہ سے انڈین پریمئر لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے اور رواں ورلڈ کپ کے دوران اپنی ٹیم کے پہلے دو میچز میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔
رائٹ آرم فاسٹ بولرنے اس تکلیف سے نجات کے لئے 2016ء میں سرجری کرائی تھی لیکن سرجری سے پہلے اور بعد میں بھی وہ کندھے کی تکلیف کا شکار رہے ہیں۔ اب دوبارہ یہ مسئلہ سامنے آنے کے بعد وہ مستقبل میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ انجرڈ ہونے کے سبب ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم اس اہم مقابلے میں بھی ڈیل اسٹین کے بغیر میدان میں اُتری ہے جبکہ اس سے پہلے کھیلے گئے دو میچزمیں بھی ڈیل ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم : فاف ڈوپلیسی، کوئنٹن ڈی کاک، ہاشم آملا، ہی وینڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، جے پی ڈومنی، اینڈائل فلکوایو، کرس مورس، کاگیسو ربادا، تبریز شمسی، عمران طاہر۔
بھارتی اسکواڈ : ویرات کوہلی ، روہت شرما، شیکھر دھون، اے ایل راہول، ایم ایس دھونی ، کیدر جادیو، یوزویندر چہل، کل دیپ یادیو، بھو نیشور کمار، جسپریت بومرہ اور ہاردک پانڈیا۔