رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، آٹھ ’شدت پسند‘ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق فضائیہ نے یہ کارروائی اتوار کو شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع دتہ خیل اور شوال کے علاقوں میں کی۔

افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف ایک فضائی کارروائی میں آٹھ مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق فضائیہ نے یہ کارروائی اتوار کو شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع دتہ خیل اور شوال کے علاقوں میں کی۔

اس سے قبل بھی شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فضائیہ کی مدد سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

پاکستانی فوج نے جون 2014 میں شمالی وزیرستان کے علاقے میں موجود ملکی اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا، جبکہ ملک کے دوسرے قبائلی علاقے خیر ایجنسی میں عسکریت پسندوں کے خلاف خبیر ون اور خیبر ٹو کے نام سے فوجی کارروائیاں کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن میں اب تک 90 فیصد سے زائد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا گیا ہے اور ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری اس کارروائی میں 3400 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کی وجہ سے ملک میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی ہے۔

تاہم رواں ماہ صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ اس کے ملحقہ قبائلی علاقوں میں ہوئے دہشت گردی کے واقعات میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اس تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں دہشت گرد اب بھی متحرک ہیں۔

حکام ان حملوں کو دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG