رسائی کے لنکس

کراچی میں میلاد النبی کے جلوس اور تقریبات


کراچی شہر کے سب سے بڑے جلوس میں مذہبی جماعت کے علماؤں اور ارکان سمیت کئی ہزار افراد نے شرکت کی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔

ملک بھرکی طرح کراچی شہر میں بھی جشن ِ عید میلاد النبی، 12 ربیع الاول پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا دن مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ کراچی شہر میں میلادالنبی کے جلوس، ریلیاں اور محفل میلاد کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

کراچی شہر میں میلادالنبی کا سب سے بڑا جلوس ایم اے جناح روڈ پر قائم میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے شروع ہوا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں اور چھوٹے جلوسوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جو مختلف علاقوں اور گلیوں سے ہوتے ہوئے مرکزی جلوس میں شامل ہوتے گئے، مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشتر پارک پر جا کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے دوران نمائش چورنگی پر محفل ِمیلاد اور نعت خوانی اور مذہبی علماء کے بیانات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ نمائش چورنگی پر خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ کے نمونے بھی رکھے گئے۔ 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی کے موقع پر شہر کی عمارتوں، گلیوں، گھروں، شاہراہوں اور مساجد کو رنگ برنگ کے برقی قمقموں اور سبز جھنڈوں اور جھنڈیاں سمیت مختلف بینرز لگا کر سجایاگیا۔ جلوس میں شامل شرکاء نے بھی سبز جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے۔

جلوس کے شرکا کیلئے مختلف اقسام کے مشروب کی سبیلیں بھی بنائی گئیں اور لنگر کا بھی خاص انتظام کیا گیا۔ شہر کے سب سے بڑے جلوس میں مذہبی جماعت کے علماؤں اور کارکنوں سمیت کئی ہزار افراد نے شرکت کی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔

میلاد النبی کے جلوس اور تقریبات کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شہر میں قائم اونچی عمارتوں سمیت مختلف علاقوں شاہراہوں اور گلیوں میں جلوسوں کی نگرانی کیلئے 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ جلوس کی نگرانی کیلئے شہر بھر میں کئی ہزار خفیہ کیمرے بھی نصب کئے گئے تھے۔ شہر کے مختلف اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG