رسائی کے لنکس

سینیٹ انتخابات: اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے پر مسلم ليگ (ن) کے وکلا نے فيصلے کو ٹربيونل ميں چيلنج کرنے کا اعلان کيا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے سابق وزیرِ خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردیے ہیں۔

اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگي کو پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود الرشید نے پاکستان تحريکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے چيلنج کيا تھا۔

پیر کو صوبائی الیکشن کمیشن میں کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل انیس ہاشمی نے اعتراض اٹھايا کہ اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگی پر دستخط جعلي ہيں، وہ نیب سے مفرور ہیں اور ان کی بينک اکاونٹ سے متعلق معلومات بھی درست نہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے جو سینیٹ انتخاب کے لیے ريٹرننگ افسر بھی ہیں اسحاق ڈار کے نمائندے کو مصدقہ دستاویزات لانے کے لیے وقت دیا ليکن مسلم ليگ (ن) کے وکیل مبشر احمد مقررہ وقت کے دوران اعتراضات دور نہ کر سکے۔ اس پر ریٹرننگ آفیسر نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے پر مسلم ليگ (ن) کے وکلا نے فيصلے کو ٹربيونل ميں چيلنج کرنے کا اعلان کيا ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں موجود صوبائی الیکشن کمیشن میں سینیٹ انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 34 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد 24 امیدواروں کے کاغذات منظور کرلیے۔

منظور کیے جانے والے کاغذاتِ نامزدگی میں نون لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں میں وزیرِ اعظم کے ترجمان مصدق ملک، وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی، سابق آئی جی پنجاب پولیس رانا مقبول احمد اور آصف کرمانی شامل ہیں۔

ٹيکنو کريٹ کی نشست پر نون ليگ کے حمايت يافتہ حافظ عبدالکريم کے کاغذات مسترد ہو گئے ہيں۔ پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ امیدوار اور سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ہیں جب کہ تحریکِ انصاف کی جانب سے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں۔

کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف 15 فروری کو اپیلیں دائر کی جا سکتی ہیں جبکہ امیدواروں کی حمتی فہرست 19 فروری کو شائع کی جائے گی۔ انتخاب کے لیے ووٹنگ پنجاب اسمبلی میں 3 مارچ کو ہوگی۔

XS
SM
MD
LG