رسائی کے لنکس

سیاسی جماعتوں کو بینک کھاتوں کی تفصیل جمع کرانے کا حکم


الیکشن کمیشن آف پاکستان
الیکشن کمیشن آف پاکستان

بیان میں تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 29 اگست تک بینک کھاتوں کی مصدقہ تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے بینک کھاتوں کی تفصیلات جمع کرائیں بصورت دیگر وہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتخابی نشانات حاصل کرنے کی اہل نہیں رہیں گی۔

پیر کو کمیشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیاسی جماعتوں کے حکم نامہ مجریہ 2002ء کی شق 13 کے تحت ہر مالی سال کے اختتام کے 60 روز کے اندر یہ تفصیلات جمع کرانا ضروری ہے۔

بیان میں تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 29 اگست تک بینک کھاتوں کی مصدقہ تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں جمع کرائیں۔

بیان کے مطابق سیاسی جماعت کے سربراہ کی طرف سے اس بارے میں سرٹیفیکٹ کا بھی ان تفصیلات کے ساتھ جمع کرایا جانا ضروری ہے کہ پارٹی نے کسی بھی ایسے ذرائع سے فنڈز حاصل نہیں کیے جو سیاسی جماعتوں کے حکم نامے کے منافی ہوں اور بینک تفصیلات مکمل طور پر درست ہیں۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ کے مطابق اس وقت ملک میں 340 سے زائد چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔

سیاسی جماعتوں کی طرف سے ایک دوسرے پر غیر قانونی طریقے سے مالی وسائل جمع کرنے کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ کھاتوں کی تفصیلات کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی طرف سے جانچ پڑتال بھی ضروری ہے۔

XS
SM
MD
LG