رسائی کے لنکس

ایران کے جنوبی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے


زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جمعے کی دوپہر تک 51 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جس کے باعث زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں جمعے کو آنے والے زلزلے سے اب تک 42 افراد کے زخمی ہونے اور درجنوں عمارتوں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زلزلہ صبح ساڑھے چھ بجے آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ریکارڈ کی گئی۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ایران کے شہر کرمان سے 58 کلومیٹر شمال مشرق میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

زلزلے سے زیادہ نقصان صوبہ کرمان میں ہوا ہے جہاں حکام کے مطابق اب تک کم از کم 14 دیہات میں درجنوں مکانات گرنے کی اطلاع ہے۔ تاہم حکام کے مطابق انہیں اب تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلے کے بعد ایرانی فوج اور ملیشیا کے دستے، امدادی کارکن اور سونگھ کر سراغ لگانے والے کتوں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جمعے کی دوپہر تک 51 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جس کے باعث زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لوگ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

ایران کے مغربی صوبے کرمان شاہ میں لگ بھگ تین ہفتے قبل 3ء7 شدت کے زلزلے سے 500 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے جب کہ درجنوں دیہات اور قصبے تباہ ہوگئے تھے۔

ایران زیرِ زمین پرتوں کی کئی مرکزی فالٹ لائنز پر واقع ہے جس کے باعث یہاں زلزلے معمول ہیں۔ کرمان صوبے میں ہی 2003ء میں آنے والے 6ء6 شدت کے زلزلے سے 31 ہزار لوگ ہلاک ہوئے تھے جب کہ بام کا قدیم شہر مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔

XS
SM
MD
LG