رسائی کے لنکس

اٹلی میں زلزلے سے کم از کم 159 افراد ہلاک


اٹلی کے وسطی علاقے میں بدھ کی صبح کو آنے والے شدید زلزلے سے کم از کم 159 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتا ہیں، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے روم میں عمارتیں تقریباً 20 سیکنڈ تک لرزتی رہیں۔

زلزلے کے مرکز کے قریب واقع علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاع ملی ہے۔

امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب پہنچ رہی ہیں لیکن کچھ علاقوں تک اُنھیں پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

امریکہ کے جیالوجیکل سروے نے ریکٹر اسکیل پر اس زلزلہ کی شدت 6.2 بتائی ہے اور اس کا مرکز نورسیا کے قصبے سے دس کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کے مرکز کی گہرائی محض 10 کلو میٹر زیر زمین تھی۔

زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق تقریباً ساڑھے تین بجے دارالحکومت روم سمیت اٹلی کے تمام وسطی علاقے میں محسوس کیے گئے۔

زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کی وجہ سے مکان اور عمارتیں لرزنے لگیں۔

اطلاعات کے مطابق پیسکیرا ڈل ٹورنٹو نامی گاؤں زلزلے سے شدید متاثر ہوا۔

بدھ کو جن علاقوں میں زلزلہ آیا وہ لاقلا کے شہر کے قریب ہی واقع ہیں جہاں 2009ء میں آنے والے زلزلے کی وجہ سے کم ازکم تین سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG