رسائی کے لنکس

دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ: پاکستانی بیٹنگ قدرے مشکل میں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 29 ویں نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 72 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر281 رنز بنائے ہیں۔

دبئی میں پاکستان نے بدھ کو اپنی پہلی اننگز کے اسکور34 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ اننگز شروع کی۔

یونس خان اور اظہر علی نے پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 113 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 29 ویں نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 72 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر کریگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اظہر علی نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 18 ویں نصف سینچری مکمل کی اور انھیں سوڈھی نے 75 رنز پر کلین بولڈ کیا۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو اننگز برابر کرنے کے لیے 122 رنز درکار ہیں اور اس کے چار کھلاڑی ابھی باقی ہیں۔

سرفراز احمد 28 اور یاسر شاہ ایک کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سوڈھی نے دو جب کہ بولٹ، ساؤتھی، کریگ اور نیشم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 403 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر رکھی ہے۔

XS
SM
MD
LG