رسائی کے لنکس

ڈاکٹر غلام نبی فائی کو دو سال قید کی سزا


ورجینا کی ایک عدالت نے جمعے کو دو الزامات کے تحت کشمیری امریکن کونسل کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر غلام نبی فائی کو دو سال قید کی سزا سنائی۔

اخباری اطلاعات کے مطابق، پچھلے ہفتے، ڈاکٹر فائی کی سزا میں تخفیف کے لیے ورجینیا کی عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر فائی امریکی شہری ہیں۔ اُن پر الزام تھا کہ وہ بغیر رجسٹریشن کے پاکستانی حکومت کے لیے کام کرتے ہیں۔

امریکہ میں مقیم ڈاکٹر فائی نےگذشتہ سال ریاست ورجینیا کے شہر مکلین کی ایک عدالت میں یہ اعتراف کیا تھاکہ انھوں نے کشمیر پر امریکی پالیسی پراثرانداز ہونے کے لیے باہر سے رقوم وصول کی تھیں۔

اطلاعات کے مطابق، انھوں نے خفیہ ذرائع سے پاکستانی جاسوسی ادارے سے رقوم وصول کر کے ٹیکس بچانے کا بھی اعتراف کیا۔ ورجینیا کی ایسٹرن ڈسٹرکٹ کورٹ کے سامنے غلام نبی فائی اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ وفاقی پراسیکیورٹرز کے یہ الزامات درست ہیں کہ انھوں نے 1990ءسے 2011ء کے عرصے میں خفیہ طورپر 35 لاکھ ڈالر وصول کیے، جس سے امریکی حکومت کو ٹیکس کی مد میں دولاکھ سے چارلاکھ ڈالر تک کا نقصان ہوا۔

ان کی سزا کا فیصلہ 9 مارچ کوکیا جانے والا تھا۔

فائی عدالت کے روبرو یہ بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ آئی ایس آئی کے اعلیٰ عہدے داروں سے براہ راست رابطے میں تھے۔

فائی، جن کی عمر 62 سال ہے، پچھلے سال 9 جولائی سے اپنے گھر پر نظر بند تھے۔

XS
SM
MD
LG