رسائی کے لنکس

دو دموں والے کتے کی پیدائش کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دونوں آنکھوں کے درمیان ایک اضافی دم کے ساتھ پیدا ہونے والے کتے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس کتے کا نام اس وھیل مچھلی کے نام پر ’نروھیل‘ رکھا گیا ہے جس کے منہ کے دمیانی حصے پر ایک لمبا دانت اگا ہوتا ہے۔

اس کتے کو اس عجیب الخلقت جانور ’یونی کارن‘ سے بھی تشبیح دی جا رہی ہے جس کی دو آنکھوں کے درمیان ایک سینگھ اگا ہوتا ہے۔ یوں اس کتے کا پورا نام ’فر والا ننھا طلسماتی یونی کارن۔ نروھیل‘ رکھا گیا ہے۔

دس ہفتے کی عمر کا یہ کتا ریاست میزوری میں جانوروں کی ایک پناہ گاہ ’میکس مشن‘ میں پہنچا دیا گیا ہے جو خصوصی مدد کے طلبگار کتوں کیلئے شہرت رکھتا ہے۔ اس مرکز کی بانی روشیل سٹیفن کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی طلسماتی انداز کا کتا ہے اور ہر کوئی اسے دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگ رضاکارانہ طور پر ان کے پاس آ کر اس کتے کے ساتھ کھیلنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کتا اس قدر پیارا ہے کہ ہر کوئی اس کے ساتھ سیلفی بنانے کا خواہشمند ہوتا ہے۔

ویٹ ڈاکٹروں نے منگل کے روز نروھیل کے ایکسرے لیے جن سے معلوم ہوا کہ اس کی اضافی دم میں کوئی ہڈی موجود نہیں ہے۔ لہذا، وہ یہ دم اس انداز میں نہیں ہلا سکتا جیسے اپنی اصل دم لاتا ہے۔ تاہم، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔

اس پناہ گاہ کی بانی سٹیفن کا کہنا ہے کہ ان کے مرکز میں اکثر ایسے کتے لائے جاتے ہیں جنہیں کسی اور جگہ پر نہیں رکھا جا سکتا۔ ان کے مرکز میں پانچ ٹانگوں والے اور تین ٹانگوں والے ڈیشنڈ کتوں کے علاوہ نابینا اور بہرے کتے بھی لائے گئے ہیں۔ تاہم، اس سے پہلے انہوں نے نروھیل جیسا کتا نہیں دیکھا۔

سٹیفن کہتی ہیں کہ ماتھے پر یہ اضافی دم یوں محسوس ہوتی ہے جیسے اس کی دونوں آنکھوں کے بیچ میں کوئی بالوں کا کرل موجود ہو۔ تاہم، یہ کتا اپنے انداز میں منفرد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مرکز کی کوشش ہو گی کہ اس اضافی دم کو اسی انداز میں برقرار رکھا جائے، کیونکہ یہ بہت خوبصورت دکھائی دیتی ہے۔ تاہم، وہ اس پر کڑی نظر رکھیں گی تاکہ یہ دم نروھیل کے سر کے اندر مزید بڑھ کر کہیں اس کی آنکھوں کو ناکارہ کرتے ہوئے اسے اندھا نہ کر دے اور اگر ایسا خطرہ ہوا تو یہ دم مجبوراً کٹوا دی جائے گی۔

سٹیفن کہتی ہیں کہ بہت سے لوگ اس کتے کو گود لینے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔ لیکن، وہ ایسا نہیں ہونے دیں گی، تاکہ بعد میں اس کیلئے کہیں صحت کے مسائل نہ پیدا ہو جائیں۔

تاہم، فی الحال یہ ایک نارمل، خوش باش کتا ہی ہے۔

XS
SM
MD
LG