ایشیاء کپ میں گروپ ’اے‘ کے میچ میں بھارت نے نسبتاً آسان حریف ہانگ کانگ کو جیت کے لئے286 رنز کا ہدف دیا ہے۔ شیکھر دھون نے شاندار سنچری اسکور کی۔
مضبوط بیٹنگ لائن کی حامل دفاعی چمپئن بھارت کے اوپنرز روہیت شرما اور شکھر دھون نے 45 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ لیکن، روہیت شرما 23 رنز کے انفرادی اسکور پر ہانگ کانگ کے فاسٹ بولر احسان خان کی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے غلطی کر بیٹھے اورنزاکت خان کو کیچ دے دیا۔
بحیثیت اوپنر روہیت شرما کا یہ 100 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہے، روہیت کا شمار ایک روزہ میچوں کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ وہ اس فارمیٹ میں تین ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں اور اُن سے کسی بھی اننگز میں زیادہ سے زیادہ اسکور 264 رنز ہے۔
روہیت شرما کے بعد امباتی رائیڈو میدان میں اُترے اور شیکھر دھون کے ساتھ مل کر 116 رنز کی طویل شراکت داری قائم کی اس دوران رائیڈو نے اپنی ساتویں نصف سنچری اسکور کی، وہ 60 رنز کی اننگز کھیل کر احسان نواز کی گیند پر وکٹ کیپر مک کیچنی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
شیکھر دھون نے آج ایک بار پھر اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور 2 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 127 رنز بنائے، یہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اُن کی 14 ویں سنچری ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین ایم ایس دھونی حیرت انگیز طور پر تیسری ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، جس پر گراؤنڈ میں موجود اُن کے مداحوں نے شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
اگلے ہی اوور میں دنیش کارتھک بھی 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ایک موقعے پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارتی ٹیم باآسانی 330 رنز تک بنا لے گی۔ لیکن اسکور میں صرف 8رنز کے اضافے پر شیکھر دھون، دھونی اور کارتھک کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑ گئی اور آخری 9 اوورز میں صرف 45 رنز بنے اور پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے، یوں بھارتی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 285رنز بنائے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے کن چیت شاہ نے تین، احسان خان نے دو جبکہ احسان نواز اور اعزاز خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔