بھارتی ایجنٹ کلبھوشن جادھو پر بننے والی پاکستانی فلم 'ڈھائی چال' کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے جسے یوٹیوب پر چند گھنٹوں کے دوران کئی ہزار افراد نے دیکھا۔
اداکار شمعون عباسی کے مطابق 'ڈھائی چال' میں وہ کلبھوشن جادھو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کے بقول فلم کی کہانی ان دنوں کی ہے جب بھارتی ایجنٹ کلبھوشن جادھو بلوچستان میں پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم تھا۔ جسے پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں نے 2016 میں گرفتار کیا تھا۔
فلم 'ڈھائی چال' کی ہدایات تیمور شیرازی نے دی ہیں جب کہ ڈاکٹر عرفان اشرف اس کے پروڈیوسر ہیں۔
فائزہ چوہدری کہانی کی مصنفہ ہیں جن کا کہنا ہے کہ 'ڈھائی چال' بلوچستان کی مقامی آبادی کو امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی جدوجہد پر مشتمل ہے۔
فلم ابھی زیر تکمیل ہے اور ان دنوں بلوچستان میں اس کی شوٹنگ جاری ہے۔ فلم اگلے سال ریلیز ہوگی۔
فلم کی نمایاں کاسٹ میں شامل سرفہرست اداکارہ عائشہ عمر ہیں جنہوں نے فلم میں صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔
عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کا پلاٹ اور اس میں اپنا کردار اتنا پسند آیا کہ انہوں نے فورا ہی فلم سائن کرلی۔
عائشہ کے بقول وہ پچھلے 15 سال سے بلوچستان میں شوبز سے متعلق کام کر رہی ہیں اور محسوس کرتی ہیں کہ بلوچستان اور اس کے لوگوں کو مزید اہمیت دی جانی چاہیے۔
عائشہ عمر کے علاوہ رشید ناز، عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج اور ہمایوں اشرف بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔