رسائی کے لنکس

ڈیموکریٹک امیدواروں کی توجہ اقتصادیات اور داعش پر مرکوز


سابق وزیرخارجہ ہلری کلنٹن بھی اتحادی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس میں سنی اور کرد فورسز کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہے۔

امریکہ میں صدارتی نامزدگی کے لیے ڈیموکریٹک امیدواروں کا کہنا ہے کہ وہ امریکی اقتصادیات اور شدت پسند گروپ داعش کو شکست دینے کو ترجیح تصور کرتے ہوئے اس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

ورماونٹ سے سینیٹر برنی سینڈرز کہتے ہیں کہ امریکہ کو دنیا کی پولیس نہیں سمجھا جانا چاہیے، اور داعش کے خلاف جنگ میں روس سے اتحاد اور مسلم ممالک سے فوجیوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب کو کہتے کہ وہ یمن میں لڑائی کی بجائے داعش پر توجہ دے اور قطر سے یہ کہتے ہیں کہ وہ اربوں ڈالر فٹبال کے عالمی کپ پر صرف کرنے کی بجائے اس دہشت گردی کے خلاف وسائل فراہم کرے جو اس کے دروازے تک پہنچ چکی ہے۔

سابق وزیرخارجہ ہلری کلنٹن بھی اتحادی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس میں سنی اور کرد فورسز کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی زمینی فوج بھیجنا ایک اسٹریٹیجک غلطی ہوگی، کیونکہ شدت پسند ایسا ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔

تیسرے امیدوار ریاست میری لینڈ کے سابق گورنر مارٹن او مالی نے جدید خطرات کے خلاف نئے اتحاد کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔

ہلری کلنٹن کو ریپبلکن امیدواروں کی طرف سے مباحثوں میں تواتر سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ داعش کے لیے "بھرتیاں کرنے والے بہترین آدمی" ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خطرے کا "تعصب" سے جواب ملک کے بہترین مفاد میں نہیں اور یہ بہت اہم ہے کہ ایسے وقت جب امریکہ کو مسلمانوں کی ضرورت ہے وہ خود کو یہاں محدود نہ سمجھیں۔

نیو ہمشائر میں ہونے والے اس مباحثے میں سینڈرز اور او مالی دونوں ہی نے ملک کے بڑے مالیاتی اداروں کو تنقید کا یہ کہہ کر نشانہ بنایا کہ انھوں نے قومی معشیت پر منفی اثرات مرتب کیے اور ان کے حصے بخرے کر دینے چاہیئں۔

سینڈرز اپنی مہم کے لیے بڑے کاروباری اداروں کی بجائے لوگوں سے فنڈز جم کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وال اسٹریٹ کے "بے رحمانہ اور غیر قانونی رویے" سے نمٹنے اور ملک میں کم سے کم اجرت میں اضافے کی ضرورت ہے۔

ہلری نے بھی اجرتوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اس بات کا احساس دلانے کی ضرورت ہے کہ انھیں ان کی سخت محنت کا صلہ مل رہا ہے۔

اس مباحثے سے پہلے رائے عامہ کے جائزے یہ ظاہر کر رہے تھے کہ ہلری کلنٹن کو سینڈرز پر 20 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے جو کہ آئیوا کی نسبت تھوڑی کم برتری ہے۔

آئیوا ہی وہ ریاست ہے جہاں سب سے پہلے لوگ نامزدگی کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے اپنے رائے دیں گے۔

XS
SM
MD
LG