رسائی کے لنکس

ہنگری اپنے جمہوری ادارے مضبوط بنائے، ہلری کلنٹن


ہنگری اپنے جمہوری ادارے مضبوط بنائے، ہلری کلنٹن
ہنگری اپنے جمہوری ادارے مضبوط بنائے، ہلری کلنٹن

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے مشرقی یورپی ملک ہنگری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جمہوری اداروں کو مستحکم کرے۔

ہنگری کے دارالحکومت بداپسٹ میں خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہنگری کی حکومت کو آزاد عدلیہ، آزاد پریس اور سرکاری امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کےلیے اقدامات کرنے ہونگے۔

ہنگری کی حکومت کو گزشتہ کچھ عرصہ سے آمرانہ اطوار اپنانے کے باعث سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ نیا ملکی آئین اور ذرائع ابلاغ کے حوالے سے رواں برس متعارف کرائے گئے قوانین جمہوری آزادیوں سے متصادم ہیں۔

وزیر خارجہ کلنٹن انسانی حقوق کے ایک مرکز کا افتتاح کرنے کی غرض سے بداپسٹ کے دورے پر ہیں جسے ہنگیرین نژاد آنجہانی امریکی سینیٹر ٹام لینٹوس کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔

جمعرات کے روز ہنگری کے وزیرِاعظم وکٹر اوربن سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہنگیرین وزیرِاعظم کے ساتھ گفتگو میں ان ’حدود و قیود‘ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے جو کسی بھی جمہوریت کےلیے ضروری سمجھے جاتے ہیں۔

انہوں نے مشرقی یورپی ممالک کی جمہوریت کی جانب پیش قدمی کو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں آنے والی حالیہ سیاسی اور معاشرتی تبدیلیوں سے مماثل قرار دیا۔

XS
SM
MD
LG