رسائی کے لنکس

بائیڈن کا بھارتی قائدین کے ساتھ وسیع تر تبادلہٴخیال


جو بائیڈن اور حامد انصاری
جو بائیڈن اور حامد انصاری

بھارتی وزیر اعظم ستمبر میں امریکہ کا چھ روزہ دورہ کریں گے، جس میں وہ امریکی صدر براک اوباما سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہٴخیال کریں گے

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے نئی دہلی میں وزیر اعظم من موہن سنگھ، صدر پرنب مکھرجی، بھارتی ہم منصب حامد انصاری اور قائد حزبِ اختلاف سشما سوراج سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق، ملاقات میں مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم اور امریکی نائب صدر نے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے سلسلے میں وسیع تر گفتگو کی۔

اِس کے علاوہ، اُنھوں نے سلامتی، دفاع، توانائی اور ماحولیات میں تبدیلی جیسے امور پر بھی کُھل کر بات کی۔

ذرائع کے مطابق، بات چیت میں اسٹریٹجک اشتراک کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں بھی تبادلہٴخیال ہوا۔

امریکی نائب صدر نے بھارت میں امریکی کمپنیوں کی بھرپور رسائی نہ ہونے پر اظہارِ تشویش کیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت میں 2014ء میں افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتِ حال پر تشویش ظاہر کی۔

دونوں راہنماؤں کے مابین تبادلہٴ خیال کی روشنی میں یہ بات اُبھر کر سامنے آتی ہے کہ بھارتی وزیر اعظم ستمبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔ اِس چھ روزہ دورے میں وہ امریکی صدر براک اوباما سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال کریں گے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ من موہن سنگھ 20ستمبر کو امریکہ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ پہلے نیو یارک جائیں گے، جہاں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اُس کے بعد، واشنگٹن جائیں گے، جہاں پر صدر اومابا سے اُن کی ملاقات ہوگی۔

بائیڈن کے ساتھ 75منٹ کی ملاقات کے دوران من موہن سنگھ نے کہا کہ اُنھیں براک اوباما سے ملاقات کا انتظار ہے۔

اوباما کے دورہٴ صدارت میں اُن کا یہ دوسرا دورہٴ امریکہ ہوگا۔ اِس سے قبل، اُنھوں نے نومبر 2009ء میں امریکہ کا دورہ کیا تھا۔

اُدھر، جو بائیڈن کی اہلیہ اور امریکہ کی خاتون ِاول ثانی، جِل بائیڈن منگل کے روز آگرہ کا تاج محل دیکھنے گئیں۔

بائیڈن بدھ کے روز ممبئی جائیں گے، جہاں وہ دو روزہ قیام کریں گے اور صنعت و تجارت کے راہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ وہاں سے وہ سنگاپور روانہ ہوں گے۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG