رسائی کے لنکس

نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں،پہلے سے قانون موجود ہے: وزیرِ دفاع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پہلے سے قانون اور عدالتیں موجود ہیں۔ انہی میں مقدمات چلائے جائیں گے۔

سیالکوٹ میں اتوار کو پاکستان کی فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے بنیادی حقوق نہیں چھین رہے اور نہ سیاسی مقاصد کے لیے قانون کا استعمال ہو گا۔

ان کے بقول جن شر پسندوں کی فوجی املاک پر حملوں کی ویڈیوز ہیں۔ ان پر مقدمات چلیں گے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن انہوں نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کو" پاکستان کے وجود پر حملہ کیا گیا تھا۔ ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کے لیے یہ حملہ کیا۔ جی ایچ کیو پر حملہ بھارت کے مقاصد میں شامل ہے"۔

زمان پارک کے اطراف سیکیورٹی میں اضافہ

تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی سیکیورٹی کے لیے ان کی لاہور میں رہائش گاہ زمان پارک کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

اس سلسلے میں ایس پی سول لائنز حسن جاوید بھٹی نے زمان پارک کا دورہ کیا اور عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہل کاروں کو ہدایات دیں۔

عمران خان کی سیکیورٹی پر زمان پارک پر 106 پولیس اہل کار تعینات تھے جن کی تعداد اب بڑھا کر 200 کر دی گئی ہے۔

دہشت گردی کے مقدمات میں 809 افراد گرفتار

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا میں پر تشدد مظاہروں سے متعلق دہشت گردی کی 18 ایف آئی آر درج ہیں جب کہ مجموعی طور پر دہشت گردی کے مقدمات میں 809 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات میں سابق صوبائی وزرا اور سابق اراکین صوبائی اسمبلی بھی شامل ہیں۔

پولیس کی طرف سے جاری کردی تفصیلات کے مطابق پشاور ریجن میں پانچ، کوہاٹ ریجن میں چار جب کہ مردان ریجن میں دہشت گردی کی تین ایف آئی آرز درج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں 267، مردان میں 216 اور کوہاٹ میں 114 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم کی شجاعت حسین سے ملاقات

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کے گھر پر ملاقات کی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں نو مئی کے بعد کی صورتِ حال سمیت کئی امور زیرِ بحث آئے۔

واضح رہے کہ چوہدری شجاعت حسین کے کزن چوہدری پرویز الہی کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ (ق) چھوڑ کر تحریِک انصاف میں شامل ہوئے تھے اور اب پی ٹی آئی کے صدر ہیں۔

‘بااختیار قوتیں کتنا نیچے گر چکی ہیں'

تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی جیسے شخص کو دہشت گردی کے الزام میں جیل میں ڈالنا ظاہر کرتا ہے کہ بااختیار قوتیں کتنا نیچے گر چکی ہیں۔

عمران خان کا اتوار کو پی ٹی آئی کے رہنما شمیم نقوی کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فردوس نقوی نے پارٹی کے تمام نشیب و فراز کا سامنا کیا اور ناکامیوں کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فردوس نقوی کینسر سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور انہوں نے اس بیماری کا غیر معمولی وقار اور طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی ٹوئٹر پر شیئر کردہ ویڈیو میں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی وفا داری تبدیل کرنے کے بجائے فنا ہونا پسند کریں گے۔

'اسمبلی میں جانے یا نہ جانے سے فرق نہیں پڑتا'

پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دو تین مہینے جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آ جاتی لیکن بکنے کا دھبہ کبھی نہیں مٹتا۔

شیخ رشید کا اتوار کو سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا تھا کہ معاشی حالات خوف ناک ہو گئے ہیں۔ اسمبلی میں جانے یا نہ جانے سے فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت قابل نفرت ہو چکی ہے۔ جو بھی ان کا ساتھ دے گا۔ ڈوب جائے گا۔

شیخ رشید کے بقول ساری قوم جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کی مذمت کرتی ہے۔ بلکہ اس پر رنجیدہ ہے لیکن بے گناہ لوگوں کی گرفتاریوں سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ آڈیو لیک تحقیقاتی کمیشن چیف جسٹس کے مشورے کے بغیر کیوں نہ بنا لیں، آئینی قانونی فیصلہ چیف جسٹس کی طرف سے آ کر رہے گا۔

آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ کے تحت کارروائی کا آغاز

پاکستان فوج کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہناہے کہ آئین پاکستان کے تحت سانحہ نو مئی کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کے خلاف ٹرائل کا آغاز پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے اور اور پاکستان کے عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش ریاست کے خلاف ایک ایسا عمل ہے جو کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔

فوجی تنصیبات پر حملے: کیا 'ریڈ لائن' کراس ہو گئی؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:47 0:00

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن اور دشمن قوتیں اور ان کے حامی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔ لیکن دشمن کے ایسے تمام عزائم کو قوم کے تعاون سے ناکام بنا دیا جائے گا۔

آڈیوز پر جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات کا دائرہ کار

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں بنائے گئے کمیشن کو اختیار ہو گا کہ وہ اس بات کی تحقیقات بھی کر سکے کہ آڈیوز کون ٹیپ کرتا ہے اور کون لیک کرتا ہے۔

نجی نیوز چینل 'جیو نیوز‘ سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت پر سول سوسائٹی اور دیگر کا پریشر تھا کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات ہوں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG