رسائی کے لنکس

بھارت: سونیا گاندھی کے استعفے کی پیش کش مسترد


فائل
فائل

پیر کو اجلاس شروع ہوتے ہی سونیا گاندھی نے مستعفی ہونے کی پیش کش کی جسے کمیٹی کے رہنماؤں نے مسترد کردیا۔

بھارت کی سابق حکمران جماعت کانگریس کے رہنماؤں نے پارٹی سربراہ سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہول گاندھی کی جانب سے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی بدترین شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدوں سے مستعفی ہونے کی پیش کش مسترد کردی ہے۔

کانگریس کے ایک رہنما امریندر سنگھ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستعفی ہونے کی پیش کش پیر کو نئی دہلی میں پارٹی کے صدر دفتر میں ہونے والے 'کانگریس ورکنگ کمیٹی' کے اجلاس میں کی جسے کمیٹی نے متفقہ طور پر مسترد کردیا۔

اجلاس کے بعد امریندر سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس میں منظور کردہ ایک قرارداد کے ذریعے پارٹی رہنماؤں نے سونیا گاندھی کو انتخابات میں شکست کے بعد کانگریس کی تشکیلِ نو کا اختیار سونپ دیا ہے۔

اجلاس کے بعد کانگریس کے ترجمان جناردن دیویویدی نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس کے دوران پارٹی کے نائب صدر اور انتخابی مہم کے نگران راہول گاندھی نے پارٹی کی توقعات پر پورا نہ اترنے کا بھی اعتراف کیا۔

حالیہ انتخابات میں کانگریس کو بھارت کی تاریخ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور بھارت پر گزشتہ 10 برسوں سے حکمران جماعت کو اس بار 545 رکنی ایوانِ زیریں – لوک سبھا - میں صرف 44 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

انتخابات میں حزبِ اختلاف کی ہندو قوم پرست جماعت 'بھارتیہ جنتا پارٹی' کو 282 نشستیں حاصل ہوئی ہیں اور وہ گزشتہ 30 برسوں میں 'لوک سبھا' میں سادہ اکثریت حاصل کرنے والی پہلی جماعت بن گئی ہے۔

گوکہ 67 سالہ سونیا گاندھی اور ان کے 43 سالہ بیٹے راہول اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن کانگریس کے کئی مرکزی رہنماؤں کو بری طرح شکست ہوئی ہے اور بھارت پر 49 برسوں تک حکمرانی کرنے والی جماعت کا کئی ریاستوں سے صفایا ہوگیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے کانگریس کے ایک رہنما کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کو اجلاس شروع ہوتے ہی سونیا گاندھی نے مستعفی ہونے کی پیش کش کی جسے کمیٹی کے رہنماؤں نے مسترد کردیا۔

'رائٹرز' کے مطابق کانگریس رہنماؤں کا موقف تھا کہ پارٹی کو سونیا کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کیوں کہ 'بی جے پی' کے مقابلے اور موثر حزبِ اختلاف کا کردار ادا کرنے کے لیے کانگریس کو ایک مضبوط قیادت درکار ہوگی۔

کانگریس رہنماؤں کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے وزیرِاعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ سونیا اور راہول کے استعفے کانگریس کو درپیش بحران کا حل نہیں بلکہ پارٹی کو حکمت کے ساتھ صورتِ حال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
XS
SM
MD
LG