رسائی کے لنکس

استنبول: دہشت گرد حملے کے بعد اتاترک ایئرپورٹ کھول دیا گیا


سرکاری عہدیداروں کے مطابق ہلاک ہونے والے 41 افراد میں 13 غیر ملکی بھی شامل ہیں جبکہ حکومت نے اس حملے کا الزام داعش پر عائد کیا ہے۔

منگل کی شام اسنتبول کے اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خودکش حملے کے چند گھنٹوں بعد ہی ترک حکام نے بدھ کو اسے مکمل طور پر دوبارہ کھول دیا ہے۔ اس حملے میں 41 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے ایئرپورٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ’’ہمارا ائیرپورٹ 2:20 (مقامی وقت) پر آمد اور روانگی کی پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔‘‘

ٹرکش ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ اس کے تمام فلائٹ آپریشنز بحال ہو گئے ہیں اور واشنگٹن نے بھی منگل کی رات امریکہ سے استنبول آنے والے پروازوں پر بندش ختم کر دی تھی۔

تاہم ایران نے بدھ کو استنبول تک تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

منگل کو ٹیلی وژن فوٹیج میں ترکی کے سب سے بڑے اور دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک اتاترک ایئرپورٹ پر افراتفری کے مناظر دیکھے گئے۔

بم حملے کے بعد وزیراعظم بن علی یلدرم نے قوم پر متحدہ رہنے پر زور دیا ہے۔

بدھ کو علی الصبح وزیراعظم نے بتایا کہ منگل کی شام تین خودکش حملہ آور استنبول کے مصروف ہوائی اڈے پر ٹیکسی کے ذریعے پہنچے اور یہاں خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل انھوں نے خود کار ہتھیاروں سے لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی۔

سرکاری عہدیداروں کے مطابق ہلاک ہونے والے 41 افراد میں 13 غیر ملکی بھی شامل تھے۔

وزیر انصاف باقر بوزداق کے مطابق اس حملے میں 147 افراد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے بین لاقوامی آمد کے لیے مخصوص ٹرمینل کے باہر خود کو دھماکے سے اڑایا۔ اس مقام پر عموماً بے انتہا رش ہوتا ہے۔

دو دیگر حملہ آوروں نے اس ٹرمینل میں گھسنے کی کوشش کی جہاں پولیس کی بھاری مسلح نفری اور سکیورٹی کے آلات نصب تھے۔

تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے لیکن حکومت نے اس کا الزام شدت پسند تنظیم داعش پر عائد کیا ہے۔۔

وزیراعظم یلدرم نے اس حملے کو "بزدلانہ کارروائی" قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ان کا ملک انتہا پسندی کے خلاف اپنی بھرپور لڑائی جاری رکھے گا۔ "یکجہتی دہشت گردوں کے لیے بہترین جواب ہوگا۔"

گزشتہ برس سے ترکی میں ہونے والے اکثر ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری داعش اور کرد باغی قبول کرتے رہے ہیں۔

دہشت گرد حملے کے بعد اتاترک ائیرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں، لیکن وزیراعظم یلدرم کے مطابق بدھ کو یہاں فضائی سرگرمی معمول کے مطابق شروع ہو جائے گی۔

پیر کو ہی امریکی محکمہ خارجہ نے ترکی کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا تھا۔

اس حملے کی امریکہ سمیت عالمی برادری کی طرف سے سخت مذمت کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG