رسائی کے لنکس

مستونگ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 149 تک پہنچ گئی


فوجی اہلکار بلوچستان عوامی پارٹی کے اُمیدوار سراج رئیسانی کی میت تدفین کیلئے لے جا رہے ہیں۔
فوجی اہلکار بلوچستان عوامی پارٹی کے اُمیدوار سراج رئیسانی کی میت تدفین کیلئے لے جا رہے ہیں۔

مستونگ میں مقامی حکام نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ جمعہ کے روز وہاں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 149 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے 186 افراد میں سے 115 کے لگ بھگ لوگوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔

وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں اور سیاسی ریلیوں اور کارنر میٹنگز میں شرکت کرنے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیکورٹی اقدامات اور ہر ممکن حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے سلامتی سے متعلق انتظامات کے بارے میں سیاسی قیادت سے مشاورت اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے بچنے کے لئے ان کا تعاون حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق ضوابط (ایس او پیز) پر عملدرامد کیلئے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

اتوار کو وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری بلوچستان نے مستونگ دھماکے کے حوالے سے اور صوبے میں عام انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کے لیے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے سانحہ مستونگ کے زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کرنے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے ضمن میں مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

اجلاس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری، وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، سیکرٹری داخلہ بلوچستان حیدر علی کھوکھر، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل ندیم انجم، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل سردار طارق امان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ اور دیگر سینئر سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

اتوار کی صبح نگراں وزیراعظم ناصرالملک سانحہ مستونگ پر تعزیت کے لیے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے خودکش حملے میں شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

نگراں وزیراعظم ناصرالملک نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ناصرالملک سراوان ہاؤس پہنچے اور سانحہ مستونگ میں شہید سراج رئیسانی کے خاندان سے تعزیت کی۔ اس موقع پر سراج رئیسانی و دیگر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن پاکستان یعقوب ناصرنے بھی کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمشنر آفس کا دورہ کیا اور بلوچستان میں الیکشن کے حوالے سے سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر نے بابر یعقوب کو الیکشن کمیشن کے دفاتر اور افسران کی سیکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن سے متعلق تمام درپیش مسائل سے آگاہ ہیں۔ بلوچستان میں الیکشن کمیشن کے افسران اور الیکشن 2018ء کے امیدواروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے اعلیٰ افسران، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس سے رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران اور الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی سیکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

XS
SM
MD
LG