رسائی کے لنکس

بھارتی لڑکی گیتا کی آئندہ ہفتے وطن واپسی کی تیاری مکمل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گیتا پاکستانی سکیورٹی فورسز کو 10 سال سے زائد عرصہ قبل پاک بھارت سرحد کے قریب ملی تھی۔ اس وقت اس کی عمر 11 سال تھی۔

بھارتی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ کراچی میں مقیم سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم بھارتی لڑکی گیتا کو آئندہ ہفتے وطن واپس بھیجنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ گیتا نے ایک تصویر کے ذریعے اپنے اہل خانہ کو پہچان لیا ہے اور اسے 26 اکتوبر کو بھارت بھیجا جائے گا۔

تاہم ابھی اس کے خاندان کے بارے میں کچھ ابہام موجود ہیں کیونکہ جن لوگوں کو اس نے اپنا خاندان بتایا ہے ان کا کہنا ہے کہ ان کی گمشدہ بیٹی شادی شدہ تھی اور اس کا ایک بیٹا بھی ہے۔

بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ ’ڈی این اے‘ ٹیسٹ کے ذریعے گیتا کے صحیح خاندان والوں کا پتا چلانے کے بعد ہی اسے ان کے حوالے کیا جائے گا۔

اگر اس کے خاندان والوں کا پتا نہ چل سکا تو اسے قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد کے ادارے میں بھیج دیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے ایدھی فاؤنڈیشن کو بہار میں مقیم ایک خاندان کی تصاویر ای میل کی تھیں۔ گیتا نے تصویروں میں موجود افراد کے بارے میں کہا تھا کہ یہ اس کے والدین اور بہن بھائی ہیں۔

گیتا پاکستانی سکیورٹی فورسز کو 10 سال سے زائد عرصہ قبل پاک بھارت سرحد کے قریب ملی تھی۔ اس وقت اس کی عمر 11 سال تھی۔

بولنے اور سننے کی صلاحیت نہ ہونے کے باعث وہ اپنا نام نہیں بتا سکتی تھی۔ اسے کراچی میں ایدھی فاؤنڈیشن بھیج دیا گیا جہاں بلقیس ایدھی نے اس کا نام گیتا رکھ دیا۔

گیتا کے خاندان کی تلاش کئی سال سے جاری تھی مگر بھارتی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ ریلیز ہونے کے بعد گیتا کے خاندان کی تلاش میں تیزی آئی۔ فلم کے ہیرو کا کردار اداکار سلمان خان نے ادا کیا ہے جو بھارت میں کھو جانے والی ایک پاکستان لڑکی کو اس کے خاندان سے ملانے کی کوشش کرتا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ افراد گیتا کے ساتھ بھارت جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق گیتا بھارت واپسی کے بارے میں بہت خوش ہے۔

XS
SM
MD
LG