رسائی کے لنکس

امریکی باکس آفس پر مارول کی 'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' کا راج


  • فلم کے ڈسٹری بیوٹر 'والٹ ڈزنی' کے مطابق 'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' رواں برس کی سب سے بڑی اوپننگ ہے۔
  • 'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' نے امریکہ اور دنیا بھر سے مجموعی طور پر 43.83 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔
  • امریکہ کے باکس آفس پر اس وقت فلم 'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' پہلے نمبر پر ہے۔

ویب ڈیسک—مارول اسٹوڈیوز کی سپر ہیرو فلم 'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' ریلیز ہوتے ساتھ ہی امریکی باکس آفس پر چھا گئی ہے۔ فلم نے پہلے ویک اینڈ پر امریکہ سے 20.5 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

فلم کے ڈسٹری بیوٹر 'والٹ ڈزنی' نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ ڈیڈ پول اینڈ وول ورین رواں برس کی سب سے بڑی اوپننگ ہے۔

اس سے قبل رواں برس جون میں ریلیز ہونے والی اینی میٹڈ فلم 'انسائیڈ ٹو' نے پہلے ویک اینڈ پر 15.4 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

ڈزنی کے مطابق فلم نے بین الاقوامی مارکیٹ سے 23.3 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔

'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' نے امریکہ اور دنیا بھر سے مجموعی طور پر 43.83 کروڑ سے زائد امریکی ڈالرز کمائے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اس فلم کو سنیما مالکان کے لیے خوش آئند سمجھا جا رہا ہے، کیوں کہ گزشتہ برس ہالی وڈ اداکاروں اور لکھاریوں کی ہڑتال کی وجہ سے کئی بڑی فلمیں تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔

'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' مارول کی پہلی آر ریٹڈ فلم ہے۔ آر ریٹڈ فلمیں وہ ہوتی ہیں جو تشدد اور نامناسب زبان اور مواد کی وجہ سے بچوں کے لیے موزوں نہیں سمجھی جاتی۔

اس فلم میں اداکار رائن رینولڈز نے ڈیڈ پول کا کردار ادا کیا ہے جب کہ اداکار ہیو جیک مین نے وول ورین کا کردار نبھایا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے امریکی جریدے 'ہالی وڈ رپورٹر' کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیڈ پول کی پہلی فلم نے امریکہ سے 13.7 کروڑ ڈالرز کا اوپننگ بزنس کیا تھا۔

امریکی باکس آفس پر ٹاپ 10 فلمیں

امریکہ کے باکس آفس پر اس وقت فلم 'ڈیڈ پول اینڈ وول ورین' تو پہلے نمبر پر ہے۔ ٹاپ 10 میں اور کون سی فلمیں شامل ہیں جانتے ہیں۔

1۔ ڈیڈ پول اینڈ وول ورین (20.5 کروڑ ڈالرز)

2۔ ٹوئسٹرز (3.53 کروڑ ڈالرز )

3۔ ڈسپکیبل (1.42 کروڑ ڈالرز)

4۔ انسائیڈ آؤٹ ٹو (83 لاکھ ڈالرز)

5۔ لونگ لیگز (68 لاکھ ڈالرز)

6۔ آکوائٹ پلیس: ڈے ون (30 لاکھ ڈالرز)

7۔ بیڈ بوائز: رائیڈ اور ڈائی (13 لاکھ 30 ہزار ڈالرز)

8۔ دی فیبیولس فور (10 لاکھ ڈالرز)

9۔ فلائے می ٹو مون (ساڑھے سات لاکھ 50 ہزار ڈالرز)

10: رائن (تین لاکھ 78 ہزار ڈالرز)

XS
SM
MD
LG