جنوبی افریقہ کے بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے اتوار کو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی تیز ترین سینچری بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اے بی ڈویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر سینچری اسکور کی جس میں آٹھ چوکے اور 10 چھکے بھی شامل تھے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے بلے باز کورے اینڈرسن کے پاس تھا جنھوں نے 2014ء میں ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف 36 گیندوں پر ناقابل شکست 14 چھکوں کی مدد سے 131 رنز اسکور کیے تھے۔
اینڈرسن نے پاکستان کے شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑا تھا جنھوں نے 37 گیندوں پر سینچری اسکور کی تھی۔
اسی میچ میں ڈویلیئرز نے 16 گیندوں پر پچاس رنز بنا کر تیز ترین نصف سینچری بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اس سے قبل تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے بلے باز جے سوریا کے پاس تھا جنھوں نے 1996ء میں پاکستان کے خلاف 17 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی تھی۔
30 سالہ ڈویلیئرز نے 176 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 7291 جب کہ 98 ٹیسٹ میچوں میں 7606 رنز بنا رکھے ہیں۔