رسائی کے لنکس

ڈی آئی خان: آئل گیس کمپنی پر دہشت گردوں کے حملے میں دو اہلکار ہلاک، ملزمان فرار


دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی
دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی
خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں آئل گیس کمپنی پر دہشت گردوں کے حملے میں دو اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق ڈی آئی خان کےعلاقے درہ زندہ میں دہشت گردوں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب الحاج آئل اینڈ گیس پرائیویٹ ڈرلنگ کمپنی پر حملہ کیا جہاں تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے گیس کمپنی کی سیکیورٹی کے لیے تعینات دو اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جن کی تلاش کے لیے پولیس نے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

دہشت گردوں اس کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں ا و زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیاہے جہاں ایک زخمی اہلکار کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ڈی آئی خان میں ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ تین نومبر کو ٹانک اڈہ کے قریب پولیس وین کے قریب دھماکے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

حالیہ چند روز کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے کئی بڑے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے دہشت گردوں نے میانوالی میں پاکستان فضائیہ کی بیس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں فوج کے مطابق تین جہازوں کو نقصان پہنچا تھا۔

اسی طرح بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں دہشت گردوں نے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 14 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

فورم

XS
SM
MD
LG