رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: اُردن میں کرفیو، مختلف ملکوں میں جزوی لاک ڈاؤن


Jordan curfew
Jordan curfew

کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اُردن کی حکومت نے ملک بھر میں کرفیو لگا دیا ہے۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے دارالحکومت عمان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہفتے کو سائرن بجائے گئے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اُردن حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ اُردن کے وزیر انصاف بسام طالحونی نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ کرفیو کے دوران باہر نکلنے والا سزا کا مستحق ہو گا۔

کرفیو کے نفاذ سے اُردن کی لگ بھگ ایک کروڑ آبادی کو گھروں میں رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے اُردن کے مختلف شہروں اور اہم شاہراہوں پر ہزاروں فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔

شاہراہوں پر پولیس کی گاڑیاں گشت کر رہی ہیں اور مسلسل اعلانات ہو رہے ہیں کہ شہری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اُردن میں کرفیو کے باعث شہر کے اہم کاروباری مراکز اور شاہراہوں پر ہو کا عالم ہے۔

اُردن نے عراق، مصر، شام اور اسرائیل سے متصل بارڈر اور بحری گزرگاہیں بند کر دی ہیں۔ ملک میں جمعے تک کرونا وائرس کے 85 کیسز سامنے آئے تھے جب کہ حکام نے خبردار کیا تھا کہ ان کیسز میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دُنیا بھر میں ہنگامی اقدامات

کرونا وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں ہلاک ہونے والی کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جمعے کو مزید 627 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اٹلی میں لاک ڈاؤن کی مدت میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے ہفتے کو عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 15 روز تک رضاکارانہ طور پر گھروں میں رہیں۔ جنوبی کوریا میں ہفتے کو مزید 147 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جمعے کو 87 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

جنوبی کوریا کے وزیر اعظم نے اپیل کی ہے کہ ملک بھر میں مذہبی اجتماعات، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیاں 15 روز تک معطل کر کے گھروں میں رہیں۔

سعودی عرب میں بھی جمعے کو کرونا وائرس کے 70 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ جس کے بعد ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 344 ہو گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG