کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کیے جا رہے ہیں اور بڑے شہروں کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔ متعدد ملکوں میں کاروبار، دفاتر اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ جب کہ حکومتیں اپنے شہریوں پر زور دے رہی ہیں کہ وہ گھروں میں رہیں۔
دنیا بھر کی صورت حال کا اندازہ مقبول ویب سائٹ ارتھ کیم کا وزٹ کر کے لگایا جا سکتا ہے۔ اس ویب سائٹ پر دنیا کے بڑے شہروں میں عوامی مقامات پر لگائے گئے کیمروں سے براہ راست ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان میں کاروباری مراکز، تفریحی مقامات، مذہبی عمارات اور ساحلی علاقے شامل ہیں۔
ویب سائٹ کے فرنٹ پیج پر نیویارک شہر کے ٹائمز اسکوائر کی لائیو ویڈیو موجود ہے جو کرونا وائرس کی سب سے بہتر عکاسی کر رہی ہے۔ عام حالات میں یہ مقام شہریوں اور سیاحوں سے بھرا رہتا ہے۔ مین ہٹن کے اس مصروف ترین چوراہے کے اطراف کاروباری علاقہ اور انٹرٹینمنٹ ڈسٹرکٹ ہے۔ سال کے آغاز پر یہاں بہت بڑا جشن ہوتا ہے اور میلوں تک تل دھرنے کو جگہ نہیں ہوتی۔ آج یہاں چند افراد اور اکا دکا متحرک گاڑیاں دکھائی دے رہی ہیں۔
یہی حال میامی کے ساحل کا ہے جہاں عام حالات میں ہزاروں افراد موجود ہوتے ہیں لیکن وہ اب خالی پڑا ہے۔ پیرس کے ایفل ٹاور کا سبزہ زار ویران پڑا ہے۔ لندن میں نقل و حرکت محدود ہے۔ روم کے چوراہوں پر سناٹا ہے۔
یوں تو اس ویب سائٹ پر درجنوں ملکوں میں لگے ہوئے ہزاروں کیمروں کی ویڈیوز دیکھی جا سکتی ہیں لیکن لوگ خاص طور پر ان شہروں کی ویڈیوز کو حیرت اور افسوس کے ساتھ دیکھ رہے ہیں جن کا وہ دورہ کر چکے ہیں اور ان کی رونق سے واقف ہیں اور اب ان کی خالی سڑکیں دیکھنے والوں کو اداس کر رہی ہیں۔