کیوبا میں سابق صدر فیدل کاسترو کی 85 ویں سالگرہ کے سلسلے میں "نغمہء وفا" کے نام سے ایک موسیقی کی بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیاہے۔
جمعہ کی شب ہونے والے کانسرٹ میں گریمی ایوارڈ یافتہ کیوبن گلوکارہ اومارا پورٹونڈو سمیت لاطینی امریکہ کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
دارالحکومت ہوانا میں واقع پانچ ہزار نشستوں کے حامل 'کارل مارکس تھیٹر' میں ہونے والے اس کانسرٹ میں کیوبا کے نائب صدر جوز رامون مچادو وینٹورا سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تاہم کمیونسٹ انقلابی کاسترو خود تقریب میں موجود نہیں تھے۔
کاسترو گزشتہ کچھ برسوں سے علیل ہیں۔ وہ آخری بار اپریل میں ہونے والی کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس کے اجلاس میں منظرِ عام پر آئے تھے اور اس وقت ان کا مشاہدہ کرنے والوں کا کہنا تھا کہ بزرگ رہنما کو اپنے قدموں پر کھڑا ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
سابق صدر نے علالت کے باعث پانچ برس قبل ملک کا اقتدار اپنے بھائی راؤل کاسترو کو سونپ دیا تھا جس کے بعد راؤل کاسترو نے 2008ء میں باقاعدہ طور پر زمامِ اقتدار سنبھال لی تھی۔