رسائی کے لنکس

آسٹریلیا سے شکست کے بعد پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اس ٹورنامنٹ میں چار میچوں میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کر سکا جب کہ آسٹریلیا تین میں سے دو میچوں میں کامیاب رہا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔

جمعہ کو بھارتی شہر موہالی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

پاکستان کی ٹیم 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بنا سکی۔

ابتدائی بلے باز احمد شہزاد صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شرجیل خان تھے جو 30 رنز بنا سکے۔ ٹیم کی طرف سے خالد لطیف 46 اور شعیب ملک 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ دیگر بلے بازوں میں سے کوئی بھی قابل ذکر کھیل پیش نہ کر سکا۔ کپتان شاہد آفریدی دو چھکوں کی مدد سے 14 رنز بنا کر چلتے بنے۔

آسٹریلیا کی طرف سے فوکنر نے پانچ، زمپا نے دو اور ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان اسمتھ 61 اور واٹسن 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض اور عماد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے بعد شاہد آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس میچ میں بھی ان کی ٹیم متاثر کن کھیل پیش نہ کر سکی۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں جس میں مچ مارش کی جگہ فنچ اور ہسٹنگز کی جگہ ہیزل ووڈ کو کھلایا گیا۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض کو محمد عرفان کی جگہ اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان اس ٹورنامنٹ میں چار میچوں میں سے صرف ایک میں فتح حاصل کر سکا جب کہ آسٹریلیا تین میں سے دو میچوں میں کامیاب رہا۔

پاکستانی ٹیم کی بری کارکردگی پر اسے ملک میں شائقین کرکٹ اور مبصرین کی طرف سے خوب سخت سست سنائی جا رہی ہیں اور ایک بار پھر اس ٹورنامنٹ میں اس کا آگے بڑھنا اگر مگر جیسی صورتحال سے دوچار تھا۔

اگر پاکستان یہ میچ جیت جاتا اور پھر آسٹریلیا بھارت کو گروپ میچ میں شکست دے دیتا تو پاکستانی ٹیم کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات روشن ہو سکتے تھے جو کہ اب ختم ہو گئے ہیں۔

بھارت اس وقت تین میچوں میں سے دو میں کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے جب کہ نیوزی لینڈ ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

پاکستان کے خلاف فتح کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG