رسائی کے لنکس

مرلی دھرن کے لیے وقت کم اور مقابلہ سخت


مرلی دھرن کے لیے وقت کم اور مقابلہ سخت
مرلی دھرن کے لیے وقت کم اور مقابلہ سخت

عالمی کپ کے گروپ میچوں کے دوران سری لنکا کے اسٹار اسپنر مرلی دھرن کے گھٹنے پر چوٹ لگنے اور ران کا پٹھہ کھنچ جانے کی وجہ سے منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ان کی شرکت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

سری لنکن کپتان کمار سنگاکارانے پیر کو کولمبو میں صحافیوں کو بتایا کہ مرلی اور ہم سب بھرپور کوشش کرہے ہیں کہ وہ اس میچ سے پہلے مکمل طور پر صحت یاب ہوجائیں۔ ”وہ(مرلی) دو چوٹوں کا شکار ہے۔ ممبئی میں (اٹھارہ مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف گروپ میچ میں)ان کا گھٹنا زمین سے ٹکرایا تھا اور کوارٹر فائنل میں ان کی ران کے ایک متاثرہ پٹھے میں کھچاؤ بھی بڑھ گیاتھا۔ہمیں امید ہے کہ وہ میچ سے پہلے فٹ ہوجائیں گے“۔

38سالہ مرلی دھرن ٹیسٹ میچوں میں آٹھ سو اور ایک روزہ میچوں پانچ سو بتیس وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں اور اس ورلڈ کپ کے بعد وہ کرکٹ سے ریٹائرہوجائیں گے۔

سنگاکارا کا کہنا تھا ” ہم مرلی کو فائنل میچ کے لیے بچا کر رکھنے کاہرگز نہیں سوچ رہے ہیں۔ کل ایک کانٹے دار مقابلہ ہوگا اور اگر وہ اس میں کھیلتے ہیں تویہ ہمارے لیے زبردست ہوگا۔ لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا توبھی ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو یہ ثابت کرسکیں کہ ہم ایک میچ جیتنے والی ٹیم ہیں“۔

نیوزی لینڈنے گذشتہ جمعہ کو جنوبی افریقہ کو 49رنز سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کیا تھا ۔

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے مابین اب تک 73ایک روزہ میچز ہو چکے ہیں جس میں نیوزی لینڈ نے 35اور سری لنکا نے 33جیتے ہیں جب کہ چار بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا۔

یہ دونوں ٹیمیں عالمی کپ مقابلوں میں آٹھ بار مدمقابل آئیں جن میں سے پانچ میں سری لنکا اور تین میں نیوزی لینڈ کو فتح حاصل ہوئی۔ برصغیر میں کھیلے گئے 23میچز میں سری لنکا نے 16میچ جیتے جب کہ نیوزی لینڈ پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کرسکا اور دو میچ بے نتیجہ رہے۔

XS
SM
MD
LG