رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: بنگلہ دیش


کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: بنگلہ دیش
کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: بنگلہ دیش

کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے شریک میزبان بنگلہ دیش کو دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ تک رسائی 1999ء میں حاصل ہوئی۔ گوکہ 99 ء کے ورلڈ کپ میں اس نوزائیدہ ٹیم نے پہلے راؤنڈ میں پاکستان کو 62 رنز سے اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تاہم یہ کھیل کے دوسرے مرحلے تک بھی نہ پہنچ پائی۔

2003ء میں بھی بنگلہ دیشی ٹیم پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ تاہم 2007ء میں ہونے والے گزشتہ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے پہلے مرحلے میں بھارت کو اپ سیٹ شکست دے کر دوسرے راؤنڈ تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی تاہم ٹیم فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار نہ رکھ پائی۔

اپنے چوتھے اور ہوم گراؤنڈ پہ ہونے والے پہلے کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم 23 سالہ شکیب الحسن کی قیادت میں میدان میں اتری ہے۔ تاہم بھارت کی طرح بنگلہ دیش کا اصل امتحان بھی ہوم کراؤڈ کے دباؤ کا سامنا کرنا قرار دیا جارہا ہے۔

بنگلہ دیش نے اب تک کھیلے گئے اپنے تین ورلڈ کپس میں کل 20 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف 5 میں اسے فتح اور 14 میں شکست ہوئی۔ جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

تاہم ٹیم نے اپنی ہی سرزمین پر کھیلے گئے گزشتہ 20 ایک روزہ عالمی میچوں میں سے 11 میں فتح حاصل کی ہے جن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 0-4 سے سیریز وِن بھی شامل ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کی ٹیموں کے گروپ "بی" میں شامل ہے اور اپنا افتتاحی میچ 19 فروری کو ڈھاکہ کے ہوم گراؤنڈ پر دوسرے شریک میزبان بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

بنگلہ دیش اپنا دوسرا لیگ میچ 25 فروری کو آئرلینڈ، تیسرا میچ 4 مارچ کو ویسٹ انڈیز، چوتھا میچ 11 مارچ کو انگلینڈ، پانچواں میچ 14 مارچ کو نیدرلینڈز اور چھٹا میچ 19 مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ یہ تمام میچز بنگلہ دیش ہی میں ہوں گے۔

کوارٹر فائنلز تک رسائی کیلئے بنگلہ دیش کو لیگ میچز میں آئر لینڈ اور نیدر لینڈز کو ہرانے کے علاوہ اپنے سے بہتر تصور کی جانے والی کم از کم کسی ایک ٹیم (بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز)کو شکست سے دوچار کرنا ہوگا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے عالمی کپس میں اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت اور ہوم ایڈوانٹیج ہونے کے باعث امید کی جاسکتی ہے کہ "ٹائیگرز" ایسا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

بنگلہ دیشی اسکواڈ میں کپتان شکیب الحسن اور ان کے نائب تمیم اقبال کے علاوہ عبدالرزاق، امراء القیس، جنید صدیقی، محموداللہ، محمد اشرافل، مشفق الرحیم، نعیم اسلام، نظم الحسین، رقیب الحسن، روبیل حسین، شفی الاسلام، شہریار نفیس اور سہراودی شوو شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG