رسائی کے لنکس

پاکستان دوسرا ون ڈے بھی ہار گیا


پاکستان دوسرا ون ڈے بھی ہار گیا
پاکستان دوسرا ون ڈے بھی ہار گیا

پاکستانی بلے باز دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی انگلش بالروں کے سامنے مکمل طور پر بےبس نظر آئے اور کوئی پاکستانی کھلاڑی بھی نصف سینچری تک نہ بنا سکا

دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 20 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

بدھ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 251 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی بلے باز مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی انگلش بالروں کے سامنے مکمل طور پر بےبس نظر آئے اور کوئی ایک بھی پاکستانی کھلاڑی نصف سینچری تک نہ بنا سکا۔

یاد رہے کہ پیر کو کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کی پوری ٹیم 260 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

بدھ کے میچ میں پاکستان کی جانب سے عمران فرحت اور کپتان مصباح الحق ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 47، 47 رنز بنائے جب کہ اظہر علی 31 رنز بناسکے۔ کوئی اور پاکستانی بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیون فن نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جیمز اینڈرسن اور سمت پٹیل نے 2، 2 اور اسٹورٹ براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں نے پراعتماد کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے۔

کپتان الیسٹر کک نے پاکستان کے خلاف مسلسل دوسرے میچ میں بھی سینچری اسکور کی اور 102 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ انگلش کپتان نے پیر کو کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں بھی 137 رنز بنائے تھے جو پاکستان 130 رنز سے ہار گیا تھا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے روی بوپارا نے 58، کیون پیٹرسن نے 26 اور جوناتھن ٹرٹ نے 23 رنز اسکور کیے۔ ایان مورگن نے 25 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے اعزاز چیمہ نے دو، شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جب کہ پاکستان نے اسد شفیق کی جگہ اظہر علی، شعیب ملک کی جگہ عبدالرحمن اور وہاب ریاض کی جگہ اعزاز چیمہ کو ٹیم میں شامل کیا تھا تاہم قومی ٹیم کو ان تبدیلیوں کا بھی کوئی فائدہ نہ ہوسکا۔

سیریز کا تیسرا میچ ہفتے کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG