رسائی کے لنکس

روز ٹیلر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر


روز ٹیلر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر
روز ٹیلر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

نیوزی لینڈ کرکٹ نے بلے باز روز ٹیلر کو کیویز کا نیا کپتان مقرر کرنےکا اعلان کیا ہے۔

27 سالہ ٹیلر ڈینیل ویٹوری کی جگہ سنبھالیں گے جنہوں نے رواں برس مارچ میں عالمی کرکٹ کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں کیویز کی شکست کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

ویٹوری کی ریٹائرمنٹ کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے آئندہ کپتان کیلیے موجودہ نائب کپتان روز ٹیلر اور وکٹ کیپر برینڈن مک کیلم کے ناموں پر غور کیا جارہا تھا۔

تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر جان بوشینن، کوچ جان رائٹ اور سلیکشن منیجر مارک گریٹ بیچ کی جانب سے ٹیلر کے نام کی سفارش کیے جانے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ارکان نے متفقہ طور پر تینوں کرکٹ فارمیٹس کی کپتانی انہیں سونپنے کا فیصلہ کیا۔

2006ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے روز ٹیلر نیوزی لینڈ کی جانب سے اب تک 30 ٹیسٹ، 107 ون ڈے اور 37 ٹوئنٹی20 میچز کھیل چکے ہیں۔

جارح مڈل آرڈر بلے باز کی شہرت کے حامل ٹیلر کی ٹیسٹ میچوں میں رن بنانے کی شرح 41 جبکہ ایک روزہ میچوں میں 37 رنز ہے۔

ٹیلر کی کپتانی کا پہلا امتحان رواں برس دسمبر میں ہوگا جب ان کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG